کتاب کا نام:مسنون نکاح اور شادی بیاہ کے رسومات
مولف:فضیلةالشیخ حافظ صلاح الدین یوسف صاحب حفظہ اللہ
صفحات:109
تبصرہ نگار:عتیق الرحمن عبید الرحمن سلفی آئی آئی سی سی یادو نگر ساکی ناکہ ممبئى
-----------------------------------
محبان کتب قارئین کرام! نکاح انسان کی ایک بنیادی ضرورت ہے،انبیاء کرام کی سنت ہے،رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کا روشن حصہ ہے،تکمیل ایمان کا ذریعہ ہے،سکون اور محبت یہاں سے ملتا ہے،مودت ورحمت کی نعمت نصیب ہوتی ہے،فرامین رب کی تعمیل ہوتی ہے،اولاد ملتی ہے جن کی تعلیم و تربیت صدقہ جاریہ ہے،جن کی دعائیں موت بعد بھی رفعت درجات اور مغفرت کا سبب بنتی ہیں،آنکھیں اور شرمگاہ کی حفاظت ہوتی ہے،اسی لئے اسلام نے جس طرح دیگر تمام شعبہائے حیات میں آسانی فرمائی ہے اسی طرح اس عظیم نعمت اور انسانی ضرورت کے حصول میں بھی خوب خوب آسانی فرمائی ہے،بلکہ آسان نکاح کو ہی باعث برکت قرار دیا ہے،
اقرار،مہر،ایجاب وقبول ،ولی،ولیمہ جیسی چند بنیادی چیزوں پر کوئی بھی نکاح کرسکتا ہے،لیکن افسوس صد افسوس آسان ترین نکاح کو مسلم سماج کے کچھ بھک منگوں،قارون صفت لالچی سیٹھیوں،نیم علم مولیوں،بے غیرت نوجوانوں نے اسے ایک بوجھ بنادیا ہے،اور رسموں کا بوجھ اس قدر بڑھادیا ہے کہ پورا سماج کراہ رہا ہے،
الحمد للہ علماء نے ہردور میں ہر برائی کا مقابلہ کیا ہے اور سماج کو برائی سے نجات دلانے کیلئے قلمی جہاد فرمایا ہے،انہیں علماء صالحین میں ایک بہترین نام حافظ صلاح الدين یوسف حفظہ اللہ کا ہے،زیر نظر کتاب میں نکاح کے مسنون طریقہ کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ خطبہ نکاح کا پیغام بھی خوبصورت انداز میں بیان کیا گیا ہے،آپ نے خطبہ میں پڑھی جانے والی تینوں آیات کی دلنشین تشریح فرمائی ہے،
اس کے بعد شادی بیاہ کے رسومات کے تعلق سے ایک بھائی کے سوالات پر آپ نے مختصر اور جامع جوابات نوٹ فرمائے ہیں اور ان تمام رسموں پر آپ نے خوبصورت رہنمائی فرمائی ہے.منگنی کی تقریب،جہیز،برات،فضول خرچی جیسے اہم اور خطرناک رسموں کا بہترین رد فرمایا ہے،اسی طرح موسیقی کی حرمت پر ایک فتوی بھی شامل کتاب ہے تاکہ شادی کی مناسبت پر موسیقی سے خصوصی طور پر اجتناب کیا جائے،
اسی طرح سے"دنیا کا سب سے "قیمتی بندھن" نام کا فیچر موجود ہے جس میں ان شادیوں کا منظر پیش کیا گیا ہے جس میں پیسہ پانی کی طرح بہایا جاتا ہے،اور کبر وغرور اور فضول خرچی کا مکمل آئینہ دار ہوتا ہے، یہ مضمون روف ظفر صاحب کا ہے،اور بہت بہترین ہے۔ 16 صفحات پر مشتمل ہے،امیر وغریب کی شادیوں کا پورا منظر پیش کیا گیا ہے،
اس کے بعد ان رسموں کے تعلق سے ہماری کیا ذمہ داری ہے،اسے بیان کیا گیا ہے،اور روک تھام کیلئے تجاویز پیش کی گئی ہیں،اور اہل دنیا کی راہ نہ چل کر اسلام کی راہ چلنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ سعادت وکامیابی اسلام ہی کی راہ میں ہے،
اور اس کے بعد گھر کو خوشگوار رکھنے کیلئے چند رہنما اصول بیان کئے گئے ہیں اور ازدواجی زندگی کو پر سکون پر لطف اور کامیاب بنانے کیلئے میاں بیوی کو چند قیمتی نصیحتیں پیش کی گئی ہیں، اور شادی سے متعلق دعائیں بیان کی گئی ہیں اور ایک خوبصورت نظم پر کتاب کو مکمل کردیا گیا ہے جس نظم کا آخری شعر یہ ہے،
خوشی تجھ کو میسر ہو تو دل خوش کام ہے میرا
بوقت رخصت اے بیٹی! یہی پیغام ہے میرا
کتاب کی لنک پیش خدمت ہے تاکہ دلچسپی رکھنے والے احباب ڈاونلوڈ کریں اور پڑھیں اور سماج کو رسم و رواج سے نجات دلانے میں اپنا تعاون پیش فرمائیں۔کتاب کی لنک:https://kitabosunnat.com/kutub-library/masnoon-nikah-aur-shadi-biyah-ki-rasoomat
آپ ہمارے بلاگ صفحہ پر تشریف لائے،اس کیلئے ہم آپ کے بے حد شکر گذار ہیں
No comments:
Post a Comment