Thursday, 7 November 2019

دینی علم کی اہمیت وضرورت

                🌹دینی علم کی اہمیت وضرورت 🌹
اسلام علم والا دین ہے،اسلام کو نازل فرمانے والا اللہ خودہر ظاہر و پوشیدہ چیزوں کا جانکارہے،وہ اللہ دلوں کے پوشیدہ رازوں کو بھی جانتا ہے،انسانوں کے باپ کو عزت ورفعت علم کے ذریعہ ہی عطا کیا گیا،اور فرشتوں کا مسجود بنایا گیا،اللہ نے تمام انبیاء کرام کو علم و حکمت کی نعمت اور عزت دیکر مبعوث فرمایا،قرآن کی پہلی تعلیم جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوئی اس میں پڑھنے،لکھنے اور سیکھنے کا ہی پیغام دیا گیا،گویا اس امت کی بنیاد ہی علم پر رکھی گئی ہے،جہالت کا اسلام سے وہی رشتہ ہے جو رات کو دن سے اور روشنی کو اندھیرے سے،کہ یہ کبھی بھی یکجا نہیں ہو سکتے ہیں اسی طرح ایمان اور جہالت یکجا نہیں ہوسکتے ہیں،اسلام کا معجزہ قرآن کریم ایک علمی معجزہ ہے،رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا منصب نبوت ورسالت آیات بینات کی تلاوت اور تعلیم ہے،اللہ تعالی کا فرمان ہے:هُوَ الَّذِي بَعَثَ فِي الْأُمِّيِّينَ رَسُولًا مِّنْهُمْ يَتْلُو عَلَيْهِمْ آيَاتِهِ وَيُزَكِّيهِمْ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ وَإِن كَانُوا مِن قَبْلُ لَفِي ضَلَالٍ مُّبِينٍ.ترجمہ:وہی ہے جس نے ناخوانده لوگوں میں ان ہی میں سے ایک رسول بھیجا جو انہیں اس کی آیتیں پڑھ کر سناتا ہے اور ان کو پاک کرتا ہے اور انہیں کتاب وحکمت سکھاتا ہے۔ یقیناً یہ اس سے پہلے کھلی گمراہی میں تھے۔
اللہ نے اپنے نبی پر سب سے عظیم فضل یہ کیا کہ آپ کو علم عطا فرمایا" وَأَنْزَلَ اللَّهُ عَلَيْكَ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ وَعَلَّمَكَ مَا لَمْ تَكُنْ تَعْلَمُ وَكَانَ فَضْلُ اللَّهِ عَلَيْكَ عَظِيمًا.(النساء/113) ترجمہ:اللہ تعالیٰ نے تجھ پر کتاب وحکمت اتاری ہے اور تجھے وه سکھایا ہے جسے تو نہیں جانتا تھا اور اللہ تعالیٰ کا تجھ پر بڑا بھاری فضل ہے۔علم کا حاصل کرنا تمام مسلمانوں پر فرض قرار دیا گیا ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:طَلَبُ الْعِلْمِ فَرِيضَةٌ عَلَى كُلِّ مُسْلِمٍ، ابن ماجة/224)ترجمہ:علم دین حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے.
اللہ تعالی نے عالم اور بے علم کے درمیان برابری کی نفی کی ہے کہ یہ دونوں کسی بھی طور پر برابر نہیں ہوسکتے ہیں،کیونکہ اللہ تعالی عالم کو  عام مومن پرفضیلت اور بلندی عطا فرما دیتا ہے ارشاد باری تعالی ہے:يَرْفَعِ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا مِنْكُمْ وَالَّذِينَ أُوتُوا الْعِلْمَ دَرَجَاتٍ.
ترجمہ:اللہ تعالیٰ تم میں سے ان لوگوں کے جو ایمان ﻻئے ہیں اور جو علم دیئے گئے ہیں درجے بلند کر دے گا.(المجادلة/11)
علم کا طلبگار جنت کا مسافر ہوجاتا ہے،پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:وَمَنْ سَلَكَ طَرِيقًا يَلْتَمِسُ فِيهِ عِلْمًا سَهَّلَ اللَّهُ لَهُ بِهِ طَرِيقًا إِلَى الْجَنَّةِ.(صحيح مسلم/6853)ترجمہ:اورجو شخص حصول علم کی راہ پر چلے گا اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت کا راستہ سہل کر دے گا۔اتنا ہی نہیں بلکہ کتاب وسنت کی تعلیم کیلئےمساجد میں منعقد کی جانے والی مجالس کو  سکینت،رحمت،نزول ملائکہ،ملأ اعلی میں ذکر خیر،جیسی عظیم بشارت سے نوازا گیا ہے،تاکہ اہل علم اور طالبان علوم نبوت کے مقام ومرتبہ کو نمایاں کیا جائے،حدیث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس طرح ہے:وَمَا اجْتَمَعَ قَوْمٌ فِي بَيْتٍ مِنْ بُيُوتِ اللَّهِ يَتْلُونَ كِتَابَ اللَّهِ وَيَتَدَارَسُونَهُ بَيْنَهُمْ إِلَّا نَزَلَتْ عَلَيْهِمُ السَّكِينَةُ وَغَشِيَتْهُمُ الرَّحْمَةُ وَحَفَّتْهُمُ الْمَلَائِكَةُ، وَذَكَرَهُمُ اللَّهُ فِيمَنْ عِنْدَهُ..(صحيح مسلم/6853)ترجمہ:اور جو لوگ جمع ہوں اللہ کے کسی گھر میں اللہ کی کتاب پڑھیں اور ایک دوسرے کو پڑھائیں تو ان پر اللہ کی رحمت اترے گی اور رحمت ان کو ڈھانپ لے گی اور فرشتے ان کو گھیر لیں گے اور اللہ تعالیٰ ان لوگوں کا ذکر کرے گا اپنے پاس رہنے والوں میں (یعنی فرشتوں میں).
دینی علم کی ضرورت:ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اللہ کی جنت کا حق دار بن جائے،اللہ کو خوش کرلے،پاکیزہ زندگی حاصل کرلے،لیکن یہ ساری نعمتیں بغیر دینی علم حاصل کئے ممکن نہیں ہیں،کیونکہ اللہ تعالی نے پاکیزہ زندگی اور آخرت کی کامیابی کو ایمان اور اعمال صالحہ کے ساتھ جوڑ دیا ہے،اور ایمان وعمل صالح کی بنیاد ہی علم نافع پر رکھی گئی ہے،امام بخاری رحمہ اللہ نے باب باندھا ہے"باب العلم قبل القول والعمل"کہ اس بات کا بیان کہ کہنے اور کرنے سے پہلے علم حاصل کرنا ضروری ہے،کیونکہ  بغیر کتاب وسنت کا علم حاصل کئے نہ عقیدہ و ایمان صحیح ہوسکتا ہے اور نہ ہی اعمال،اسی طرح حلال وحرام،اللہ کے حقوق،بندوں کے حقوق،فرائض وواجبات،عبادات ومعاملات کا جب تک علم نہیں ہوگا تب تک یہ سارے معاملات درست نہیں ہوسکتے ہیں،اسی لئے ایک اچھا مسلمان بننے کیلئے دین کا ضروری اور بنیادی علم حاصل کرنا ضروری ہے،اللہ تعالی کا فرمان ہے:فَاعْلَمْ أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَاسْتَغْفِرْ لِذَنْبِكَ وَلِلْمُؤْمِنِينَ وَالْمُؤْمِنَاتِ.
ترجمہ:سو (اے نبی!) آپ یقین کر لیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور اپنے گناہوں کی بخشش مانگا کریں اور مومن مردوں اور مومن عورتوں کے حق میں بھی،(سورہ محمد/19)
اسی لئے صحابہ کرام نے علم کے حصول میں جی جان لگا دیا،رات رات بھر علم حاصل کرتے تھے،لمبے لمبے سفر کرکے علم حاصل کرتے تھے،فقر وفاقہ کی زندگی کے باجود علم حاصل کرنے سے باز نہیں آتے تھے،موسی علیہ السلام  جیسے جلیل القدر رسول نے بھی سفر کیا تاکہ وہ علم حاصل کریں جس کا انہیں علم نہیں ہے،صحابہ کرام وسلف صالحین پوری بصیرت اور دل کی گہرائی سے اس بات کو سمجھ چکے تھے کہ دین کا علم سیکھے بغیر پاکیزہ زندگی اور آخرت کی کامیابی مل ہی نہیں سکتی ہے،علم کی ضرورت پر امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کا یہ قول منقول ہے:
الناس الى العلم أحوج منهم الى الطعام والشراب لأن الرجل يحتاج الطعام في اليوم مرة أو مرتين ، وحاجته الى العلم بعدد أنفاسه.ترجمہ:لوگوں کو کھانے اور پینے سے زیادہ علم دین کی ضرورت ہے،کیونکہ آدمی کو دن میں ایک یا دو بار کھانے پینے کی ضرورت پڑتی ہے،اور علم دین کی ضرورت اتنی ہے جتنی (زندگی)کیلئے سانسوں کی ضرورت ہے۔
ہدایت،اتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم ،عبادت الہی،پاک وصاف دل،تقوی،خشیت الہی، یہ سب اللہ کی عظیم ترین نعمتیں ہیں،ان کا حصول، علم نافع کے ذریعہ ہی ہوسکتا ہے،علم کی اسی ضرورت واہمیت کی وجہ سے ہی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد نبوی کی تعمیر کے ساتھ "صفہ کلاسیز"کاآغازفرمایا،اور یہ مدرسہ علم کی روشنی کو پورے سماج میں عام کرنے کا کام کرتا رہا،حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ جیسی علمی شخصیت کی تعلیم وتربیت اسی صفہ نامی مدرسہ میں ہی ہوئی تھی جس کے نگراں ومنتظم خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تھے.آج بھی سماج کے بگاڑ وفساد کو دور کرنے کا سب سے اعلی،افضل،مضبوط،کامیاب ذریعہ"کتاب وسنت کی تعلیم اوراس کی اطاعت واتباع"ہی ہے.
اور ہاں اس راہ کی کچھ فرضی رکاوٹیں ہیں،ان کو اپنے آپ سے دور کرو،علم حاصل کرنے میں شرم ورم کرنا حماقت بھی ہے،محرومی بھی ہے،صحابہ کرام اور ان کی بیویاں اس دنیا کی سب سے زیادہ پاکیزہ اخلاق اور شرم وحیا والی تھیں لیکن علم کے طلب میں انہوں نے شرم کو آڑے نہیں آنے دیا،اسی لئے تو ام المومنین صدیقہ بنت الصدیق رضی اللہ عنہما نے انصار کی عورتوں کے اس خوبی پر تعریف کرتے ہوئے فرمایا:نِعْمَ النِّسَاءُ، نِسَاءُ الأَنْصَارِ، لَمْ يَكُنْ يَمْنَعُهُنَّ الْحَيَاءُ أَنْ يَتَفَقَّهْنَ فِي الدِّينِ "ترجمہ:انصار کی عورتیں بھی کیا عمدہ عورتیں تھیں۔ وہ دین کی بات پوچھنے میں شرم نہیں کرتی تھیں((شرم، گناہ اور معصیت میں ہے اور دین کی بات پوچھنا ثواب اور اجر ہے))(صحیح مسلم/750)
اسی طرح حصول علم میں چھوٹی بڑی عمر کو بہانہ نہیں بنانا چاھیئے،بعض لوگ پچاس،ساٹھ کی عمر کو پہنچ جاتے ہیں،اور انہیں اپنی جہالت اور علم سے محرومی کا احساس بھی ہوجاتا ہے لیکن صرف اس لئے علم حاصل نہیں کرتے کیونکہ ان کی عمر بہت بڑی ہوگئی ہے،اب کیسے علم سیکھیں،حالانکہ ان بوڑھوں کے پاس ضرورت کے ساتھ ساتھ وقت بھی ہوتا ہے،دیکھئےعمر کی قید کس نے لگائی ہے؟خود ہم نے اور ہمارے سماج نے،کیونکہ صحابہ کرام  بڑی عمر میں بھی علم حاصل کرتے تھے،امام بخاری نے اس کا ذکر اپنی صحیح میں نقل فرمایا ہے:وبعد أن تسوَّدوا،وقد تعلم أصحاب النبي صلى الله عليه وسلم في كبر سنِّهم.ترجمہ:اورسردار بنائے جانے کے بعد بھی علم حاصل کرو، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب رضی اللہ عنہم نے بڑھاپے میں بھی دین سیکھا۔(صحيح البخاري/كتاب العلم)
دینی علم سے عالم وطالب علم دونوں کو بے شمار خیر وبھلائی ملتی ہے،اللہ کسی کے ساتھ خیر کا ارادہ فرماتا ہے تو اسے دین کا علم وسمجھ عطا فرمادیتا ہے ارشاد باری تعالی ہے:يُؤْتِي الْحِكْمَةَ مَنْ يَشَاءُ وَمَنْ يُؤْتَ الْحِكْمَةَ فَقَدْ أُوتِيَ خَيْرًا كَثِيرًا وَمَا يَذَّكَّرُ إِلَّا أُولُو الْأَلْبَابِ.(سورة البقرة/269)
ترجمہ:وه جسے چاہے حکمت اور دانائی دیتا ہے اور جو شخص حکمت اور سمجھ دیا جائے وه بہت ساری بھلائی دیا گیا اور نصیحت صرف عقلمند ہی حاصل کرتے ہیں.اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:مَنْ يُرِدِ اللَّهُ بِهِ خَيْرًا يُفَقِّهْهُ فِي الدِّينِ.(صحيح البخاري/71)ترجمہ:جس شخص کے ساتھ اللہ تعالیٰ بھلائی کا ارادہ کرے اسے دین کی سمجھ عنایت فرما دیتا ہے.
دعا ہے اللہ ہم سب کو نفع بخش علم اور مقبول عمل کی نعمت عطا فرمائے آمین

No comments:

Post a Comment