Saturday, 23 November 2019

اصحاب کہف اور یاجوج وماجوج: تعارف وتبصرہ



نام کتاب:اصحاب کہف اور یاجوج وماجوج
مصنف:امیر الہند مولانا ابوالکلام آزاد رحمہ اللہ 
تبصرہ نگار: عتیق الرحمن عبید الرحمن سلفی 
     (آئی آئی سی، یادو نگر،ساکی ناکہ،ممبئى )
محترم قارئین! سورہ کہف بڑی ہی عظیم سورہ ہے،زمانہ بعید کے چار واقعات کا ذکر کیا گیا ہے، اصحاب کہف اور ذوالقرنین سے متعلق مفسرین کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا،مولانا ابوالکلام آزاد رحمہ اللہ نے اپنی کتاب ترجمان القرآن میں سورہ کہف کی تفسیر کرتے ہوئے ان پر اپنی تحقیق پیش فرمائی،اور بڑے ہی دلنشین انداز میں  اپنی بات پیش فرمائی ہے،تفہیم کا اسلوب کتنا عمدہ ہے،اس کا اندازہ آپ مطالعہ کے بعد ہی لگا سکتے ہو ویسے آپ اسلوب پر کچھ کہنے کا اہل نہیں ہوں کیونکہ آپ اسلوب پر بڑے بڑے ادباء نے گفتگو کی ہے،مستقل کتابیں لکھیں ہیں،
# اصحاب_کہف
#ذوالقرنین 
# یاجوج_ماجو ج
# سورہ_کہف کی تین بڑی ا ہم بحثیں ہیں،امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد رحمہ اللہ نے کیا خوب لکھا ہے،اور کیسی کیسی تحقیقات پیش کی ہیں،یہ کتاب پڑھ کر آپ کو شرح صدر حاصل ہوگا،ان شاء اللہ
تفسیر احسن البیان کا مطالعہ کرتے وقت حافظ صلاح الدین یوسف صاحب حفظہ اللہ نے ذوالقرنین سے متعلق آیات کی تفسیری نوٹ پر مولانا ابوالکلام آزاد رحمہ اللہ کی تحقیق کی طرف اشارہ کیا،اور تعریف بھی فرمائی،اور جب نیٹ پر سرچ مارا تو یہ کتاب مل گئی،ڈاونلوڈ کیا،اور پڑھ گیا،بہت ہی عمدگی اور گہرائی سے آپ نے تحقیق فرمائی ہے،اور آپ کی تفسیر انوکھی اور دل ودماغ کو اپیل کرنے والی ہے،آپ مفسرین پر نقد بھی کرتے ہیں اور ان کی غلطی کو بھی آشکار فرماتے ہیں،سوچا اس عظیم تحقیقی کتاب کا تعارف آپ سے کرادوں،شاید آپ کو فائدہ پہونچے،
کتاب کا لنک پیش خدمت ہے،
http://www.ur.islamic-sources.com/book/%D8%A7%D8%B5%D8%AD%D8%A7%D8%A8-%DA%A9%DB%81%D9%81-%D8%A7%D9%88%D8%B1-%DB%8C%D8%A7%D8%AC%D9%88%D8%AC-%D9%85%D8%A7%D8%AC%D9%88%D8%AC/
آپ اپنی رائے ضرور دیں،جزاکماللہ خیرا


Monday, 18 November 2019

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کے اسباب:تعارف وتبصرہ

نام کتاب:رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کے اسباب
مصنف:پروفیسر ڈاکٹر فضل الہی حفظہ اللہ 
صفحات:42 
تبصرہ نگار: عتیق الرحمن عبید الرحمن  سلفی
( داعی،آئی آئی سی یادو نگر ساکی ناکہ ممبئى)
--------------------------------------------------------
سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ایک سدا بہار موضوع ہے،ایک ایسا اہم ترین موضوع جس سے ہمارے ایمان،اسلام،قرآن،دینی واخروی کامیابی، کا گہرا رشتہ ہے،جس کی زندگی ہمارے لئے اسوہ حسنہ قرار دی گئی ہے،رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم قرآن کی عملی تفسیر ہیں جیسا کہ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا تھا کہ آپ کا اخلاق قرآن تھا،اسی لئے علماء کرام نے ہردور میں سیرت رسول پر گراں قدر کتابیں تصنیف فرمائیں ہیں،
رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا مقام ومرتبہ بہت ہی عظیم،اور حق بہت ہی بڑا ہے،آپ کے حقوق میں ایک حق بلکہ انتہائی بنیادی ہے یہ ہے کہ ہم آپ سے محبت کریں اور یہ محبت تمام محبتوں پر غالب رہنی چاہیے، ماں،باپ،بھائی،بہن،بیوی بچے،اور تمام لوگوں سے زیادہ محبت یہ صحت ایمان کیلئے ضروری ہے،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا،لايؤمن أحدكم حتى أكون أحبَّ إليه من ولده ووالده والناس أجمعين. دیکھئے کس طرح کمال ایمان کیلئے آپ کی محبت کو تمام قسم کی محبتوں پر فوقیت دی گئی ہے، معلوم ہوا یہ محبت ہمارے ایمان کا جزو خاص ہے، اور ایمان ہماری زندگی،ہماری روح ہے،لہذا اب اس بات کی ضرورت ہے کہ پتہ لگائیں کہ آپ کی محبت کیسے حاصل ہوسکتی ہے،
ہمارے اور آپ کے اس سوال کا خوبصورت جواب اس کتاب میں پیش کیا گیا ہے،عالم اسلام کے مایہ ناز مصنف،اہل قلم کے درمیان ایک معتبر نام ڈاکٹر فضل الہی کی بھی ہے، اس مختصر سی کتاب میں آپ کو محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو حاصل کرنے کا شوق اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے ذرائع کا بھی علم ہوگا،
آپ نے سات اسباب ذکر فرمائے ہیں جن سے آپ کو محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم حاصل ہوسکتی ہے وہ وسائل پیش خدمت ہیں 
1@ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  کی محبت کی فرضیت کو نہ بھولنا 
2@آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کے ثمرات کو ہمیشہ یاد رکھنا 
3@ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے احسانات کو فراموش نہ کرنا 
4@شان مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو ہمیشہ نگاہوں میں رکھنا  
5@ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق عالیہ کو سیکھنا اور یاد رکھنا 
6@کثرت سے آپ کا ذکر خیر کرنا،اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھنا  
7@آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرنے والوں کے احوال پیش نظر رکھنا 
یہ وہ اسباب ہیں جن سے آپ کے دل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت پیدا ہوگی،آپ کا جذبہ اتباع پروان چڑھیگا،آپ کا ایمان بڑھیگا،آپ کے دل کو سکون ملیگا،آپ کو اللہ کی محبت حاصل ہوگی،آپ کی یہ محبت جس قدر سچی ہوگی،اسی قدر آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متبع اور اطاعت گذار ہونگے، 
کتاب بہت ہی عمدہ ہے،کتاب وسنت کے دلائل سے مزین ہے،کتاب کی عظمت واہمیت کیلئے شیخ ڈاکٹر فضل الہی کا اسم گرامی ہی کافی ہے،
محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے متلاشی کیلئے یہ ایک قیمتی تحفہ ہے،
کتاب کی لنک پیش کی جارہی ہے آپ یہاں سے ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں جزاکم اللہ احسن الجزاء آمین والسلام علیکم ورحمت اللہ و برکاتہ
بہت بہت شکریہ 

https://kitabosunnat.com/kutub-library/nabi-kareem-pbuh-ki-mohabbat-k-asbaab
کتاب کی لنک



Monday, 11 November 2019

مولانا ابوالکلام آزاد رحمہ اللہ سے متعلق کتب کی لنک


امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد رحمہ اللہ پر لکھی گئی کچھ بہترین کتب کی لنک پیش خدمت  ہے،یہ ان کیلئے ہے جنہوں نے ابھی تک آپ کو پڑھا نہیں ہے،ورنہ اس فیس بوک پر ماہرین آزاد بھی موجود ہیں،اور لکھتے بولتے ہوئے وہ اس طرح روانی دکھاتے ہیں جیسے ہم میں سے کوئی فاتحہ پڑھتا ہے۔
یہ ان سے متعلق کتب ہیں جن کو میں نے پڑھا ہے،باقی ان کی لکھی ہوئی کتابیں بھی بہت ہیں ۔
ذکر آزاد از مولانا عبد الرزاق ملیح آبادی 
سیرت آزاد 

مولانا ابوالکلام آزاد مرحوم سیرت و شخصیت اور علمی وعملی کارنامے  
مولانا ابوالکلام آزاد کی صحافت
مکاتیب ابوالکلام آزاد

مولانا ابوالکلام آزاد کی قرآنی خدمات 
مضامین  الندوہ
تحریک نظم جماعت 
غبار خاطر از مولانا ابوالکلام آزاد 
ارکان اسلام از مولانا ابوالکلام آزاد 
مسئلہ خلافت از مولانا ابوالکلام آزاد 
آزادی ہند از مولانا ابوالکلام آزاد 
قرآن کا قانون عروج وزوال از مولانا ابوالکلام آزاد 
اسلام میں آزادی کا تصور از مولانا ابوالکلام آزاد 
صدائے حق از مولانا ابوالکلام آزاد 
مسلمان عورت از مولانا ابوالکلام آزاد 
خطبات آزاد از مولانا ابوالکلام آزاد 
ترجمان القرآن جلد اول از مولانا ابوالکلام آزاد 
ترجمان القرآن جلد دوم از مولانا ابوالکلام آزاد 
ترجمان القرآن جلد سوم از مولانا ابوالکلام آزاد 
رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم از مولانا ابوالکلام آزاد 
تصورات قرآن از مولانا ابوالکلام آزاد 
مقام دعوت از مولانا ابوالکلام آزاد 
انسانیت موت کے دروازے پر از مولانا ابوالکلام آزاد 
ایمان اور عقل از مولانا ابوالکلام آزاد 

قرآن حکیم کی تین سورتیں از مولانا ابوالکلام آزاد 
مولانا ابوالکلام آزاد بحیثیت صحافی اور مفسر
از مولانا ابوالکلام آزاد 
آپ کی خدمت میں یہ علمی تحفہ پیش کرتے ہوئے بے خوشی کا احساس ہورہا ہے،آپ ڈاونلوڈ کریں اور پڑھیں،امید ہے آپ زندگی کا اعلی ترین مفہوم سیکھ پائیں گے جزاکم اللہ احسن الجزاء آمین 






Saturday, 9 November 2019

علماء دین اور امراء اسلام:تعارف وتبصرہ



نام کتاب:#علماء دین اور امراء اسلام 
مؤلف:خطیب الہند شیخ عبد الرؤف رحمانی جھنڈا نگری/ رحمہ اللہ وغفر اللہ له
صفحات:115
تبصرہ نگار: عتیق الرحمن  عبید الحمن سلفی آئی آئی سی یادو نگر ساکی ناکہ ممبئى 
¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤
محترم قارئین:زیر تبصرہ کتاب کا موضوع خود کتاب کے نام سے ہی واضح ہے،اور اس کتاب کے مؤلف محترم کی شخصیت محتاج تعارف نہیں ہے،بلکہ خود ہی کتاب کے معتبر اور اہم ہونے کیلئے خطیب الہند کا اسم گرامی ہے،سماج کے یہ دو اہم ترین رکن ہیں ایک #علماء_کرام اور دوسرے #امراء_اسلام ۔
ان کے بگاڑ سے سماج بگڑ جاتا ہے،ان کے آپسی تعاون اور اصلاح سے سماج خیر و بھلائی کا سرچشمہ بن جاتا ہے،ان کا تال میل،آپسی تفاہم سماج کیلئے بھلائی کا رمز ہے،یہ موضوع جتنا کل اہم تھا اتنا ہی آج بھی اہم ہے،خطیب الہند کا اس موضوع پر قلم اٹھانا اس بات کی دلیل ہے کہ انہوں نے اسے دل کی گہرائی سے محسوس کیا،اور لوگوں کی اصلاح کیلئے آپ نے اس پر ایک مدلل اور مکمل کتاب لکھ دی،
محترم قارئین ابھی لوگوں کا ذہن اس طرح سے بن چکا ہے کہ اپنے بچے کو عالم دین بنانا اس کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ اور مذاق ہے،کیونکہ علماء کو گھٹ گھٹ کر جینا ہوتا ہے،اور یہ رجحان سماج کیلئے خطرناک ہے کیوں کہ علماء کی عدم موجودگی سماج کیلئے تباہی وبربادی ہے،لیکن عملا یہ سوچ لوگوں کو دینی تعلیم سے دور کر رہی ہے،لیکن سماج کو ابھی اس کا احساس نہیں ہورہا ہے،
آئیے ذرا تفصیل سے اس کتاب کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں:
یہ کتاب پاکستان سے چھپی ہے اور اس پر مولانا محمد رمضان یوسف سلفی نے خطیب الہند کی مختصر سوانح لکھا ہے،اور مختصر مگر بہترین تعارف پیش کیا ہے،آپ کی شخصیت کے جماعتی،دعوتی،تعلیمی،لسانی،قلمی،منہجی،تصنیفی خدمات کو خوب اجاگر ہے،
اس کے بعد کتاب کا آغاز ہوتا ہے،ایک بات سمجھ لیں کہ اس موضوع پر میرے علم کے اعتبار سے یہ انوکھی کتاب ہے،اس کا پیغام یہ ہے کہ اہم علم کی معاشی ضروریات کی تکمیل ہمیشہ امراء اسلام نے کی ہے تاکہ وہ اپنے علمی کاموں کو پورے لگن اور دلجمعی کے ساتھ پورا کرسکیں،
مصنف نے سب سے پہلے علم دین اور علماء کرام کی اہمیت و فضیلت بیان کی ہے،کتاب وسنت کے دلائل بیان کئے ہیں اس کے بعد آپ نے پہلی بات یہ بیان کی کہ *علماء کرام اور ائمہ دین نے سلاطین اور امراء کے عطیات سے استغناء ظاہر کی ہے* اور اس کے بنیادی طور پر دو بڑے اسباب رہے ہیں۔
1#وہ ایسا ذریعہ معاش کے مالک تھے جس سے ان کی ضروریات بدرجہ اتم پوری ہوجاتی تھیں اور انہیں کسی عطیات وہدایا کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی،
2#وہ خشک اور سادہ زندگی سے محبت کرتے تھے اور معمولی چیزوں پر وہ راضی تھے،انہیں زیادہ کی طلب نہیں تھی ان کی ذمہ داری ان کے بھائیوں اور گھر والوں نے کر انہیں معاشی فکر سے بالکل آزاد کردیا تھا، اور جتنا ان کے پاس تھا اسی پر وہ خوش تھے،توکل علی اللہ اور نفس کا غنی انہیں حاصل تھا لہذا وہ عطیات اور ہدایا سے بے نیاز تھے۔
پہلے سبب کی کی فہرست میں آپ نے بڑے بڑے محدثین کرام اور تابعین عظام کے نام بطور دلیل پیش کئے ہیں،وہ یہ لوگ ہیں 
سعید بن مسیب،سالم بن عبد اللہ بن عمر،سفیان ثوری،امام بخاری،محمد بن نصر مروزی،امام ابو حنیفہ،لیث بن سعد،عبد اللہ بن المبارک،حافظ یعقوب بن شیبہ،محدث احمد بن مہدی،بن جریر طبری،امام بن خزیمہ،ابو جعفر باقر،امام ابن تیمیہ رحمہم اللہ وغفر لہم 
اور اس کے بعد کچھ ایسے افراد کا نام ذکر کیا ہے جنہوں نے دوسرے سبب کی وجہ سے بے نیاز رہے 
اس کے بعد مصنف رحمہ اللہ نے ذریعہ معاش اور دولت کی اہمیت اور ضرورت کو سلف کے اقوال سے بیان فرمایا ہے،تاکہ یہ واضح سکے کہ سلف سے ضروریات کی تکمیل کیلئے معاش کو اہم سمجھتے تھے،آج جب علماء کرام کو مال دولت دینے کی بات آتی ہے تو لوگوں رجحان اور لہجہ سب بدل جاتا ہے،زہد اور فتنہ مال اور فتنہ دنیا کی آیات اور احادیث کا حوالہ دیکر خاموش کرایا جاتا ہے،اور جب خود خرچ کی بات آتی ہے تو وہی مال نعمت بن جاتا ہے،آج بھی کتنی صلاحیتیں اس لئے ضائع ہورہی ہیں کیونکہ علماء کرام معاشی طور پر پریشان ہیں،علمی کام ٹھپ پڑے ہیں،لیکن ہر جگہ خرچ ہوگا کسی کو اعتراض نہیں ہوگا جیسے علماء کرام کی بات آئیگی اسی وقت سارے حیلے بہانے پیش کرکے علماء کرام کو ان کے حق سے بھی محروم کردیا جاتا ہے، 
اس کے بعد آپ نے *تصویر کا ایک اور پردہ*کے عنوان سے آپ نے اس وضاحت کی کہ ان تمام علماء کی ضروریات پوری ہورہی تھی،بیت المال سے ان  کے وظیفے مقرر تھے اور چونکہ بیجا لا لچ نہیں تھی اس لئے ادھر ادھر منہ نہیں مارتے تھے،
معاشی ضروریات کی تکمیل سب کی ہورہی تھی اس کیلئے آپ نے دلائل کے انبار لگائے اور آغاز فرمایا خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابوبکر صدیق رضی اللہ کے بارے میں فرمایا کہ ان کا مالی تعاون اتنا زیادہ ہے کہ میں ان بدلہ دنیا میں چکا نہیں سکتا اللہ ان کو بدلہ دیگا،ہر موقع پر آپ کی مدد ابوبکر نے فرمائی،اور خود ابوبکر جب خلیفہ ہوئے تو آپ کا بھی وظیفہ مقرر ہوا اور آپنے بھی صحابہ کا وظیفہ مقرر فرمایا،رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے صفہ کے طلبہ کیلئے کھانے پینے کا انتظام فرمایا،
اس کے بعد آپ نے تیسری صدی ہجری تک علماء کرام کے وظائف،تحائف،اکرامات کاذکر کیا،کہ کس طرح ان کو معاشی طور پر خوشحال رکھا گیا تاکہ وہ اپنا علمی،دینی،دعوتی کام جاری رکھ سکیں،
اس کے بعد آپ نے لکھا کہ ہندوستان میں ہزاروں علماء کے شاہی وظائف کا ذکر کتابوں میں موجود ہیں،پھر آپ نے مآثر الکرام،نزہةالخواطر،تاریخ فیروز شاہی،وغیرہ کتابوں سے تفصیل سے لکھا ہے،
"عصر حاضر میں" اس عنوان کے تحت آپنے وظیفہ پانے،عطیات وہدایا کا ذکر کرتے ہوئے آپ نے علماء کرام کے نام ذکر کئے ہیں وہ حسب ذیل ہیں۔
مولانا ثناء اللہ امرتسری،علامہ سید سلیمان ندوی،مولانا مناظر احسن گیلانی،مولانا عبد الماجد دریا آبادی رحمہم اللہ وغفر لہم
کتاب کے آخر میں آپ نے علماء کرام کی خدمت، عزت افزائی،اہل علم مقام اور مرتبہ کا ذکر فرمایا ہے،علماء کرام کی کتابوں کی طباعت اور تقسیم کو مبارک عمل بتایا ہے، اور اس عظیم عمل میں مال لگانا اور اللہ کی رضا طلب کرنا بھی بڑا کام ہے،کتنے علماء ایسے جن کی کتابیں اس لئے ضائع ہوجاتی ہیں کیونکہ طباعت کے مال نہیں ہوتا ہے،اس لئے نہ چھپ پاتی ہیں اور نہ ہی امت اس سے استفادہ کرپاتی ہے،
آج ضرورت ہے اہل علم واہل ثروت کے مابین تعامل کا،تاکہ علم کی روشنی پورے سماج کو روشن کرے،

# فهل من مدكر  

آپ کیلئے کتاب کی لنک نیچے دی جارہی ہے آپ ڈاونلوڈ کریں اور پڑھیں اور سماج کو بہترین بنانے کی کوشش کریں، جزاکم اللہ احسن الجزاء آمین 
کتاب کی لنک:
https://kitabosunnat.com/kutub-library/ulmae-deen-aur-umraaye-islam
   


مسنون نکاح اور شادی بیاہ کے رسومات:تعارف وتبصرہ



کتاب کا نام:مسنون نکاح اور شادی بیاہ کے رسومات 
مولف:فضیلةالشیخ حافظ صلاح الدین یوسف صاحب حفظہ اللہ 
صفحات:109
تبصرہ نگار:عتیق الرحمن عبید الرحمن سلفی آئی آئی سی سی یادو نگر ساکی ناکہ ممبئى 
-----------------------------------
محبان کتب قارئین کرام! نکاح انسان کی ایک بنیادی ضرورت ہے،انبیاء کرام کی سنت ہے،رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کا روشن حصہ ہے،تکمیل ایمان کا ذریعہ ہے،سکون اور محبت یہاں سے ملتا ہے،مودت ورحمت کی نعمت نصیب ہوتی ہے،فرامین رب کی تعمیل ہوتی ہے،اولاد ملتی ہے جن کی تعلیم و تربیت صدقہ جاریہ ہے،جن کی دعائیں موت بعد بھی رفعت درجات اور مغفرت کا سبب بنتی ہیں،آنکھیں اور شرمگاہ کی حفاظت ہوتی ہے،اسی لئے اسلام نے جس طرح دیگر تمام شعبہائے حیات میں آسانی فرمائی ہے اسی طرح اس عظیم نعمت اور انسانی ضرورت کے حصول میں بھی خوب خوب آسانی فرمائی ہے،بلکہ آسان نکاح کو ہی باعث برکت قرار دیا ہے،
اقرار،مہر،ایجاب وقبول ،ولی،ولیمہ جیسی چند بنیادی چیزوں پر کوئی بھی نکاح کرسکتا ہے،لیکن افسوس صد افسوس آسان ترین نکاح کو مسلم سماج کے کچھ بھک منگوں،قارون صفت لالچی سیٹھیوں،نیم علم مولیوں،بے غیرت نوجوانوں نے اسے ایک بوجھ بنادیا ہے،اور رسموں کا بوجھ اس قدر بڑھادیا ہے کہ پورا سماج کراہ رہا ہے،
           الحمد للہ علماء نے ہردور میں ہر برائی کا مقابلہ کیا ہے اور سماج کو برائی سے نجات دلانے کیلئے قلمی جہاد فرمایا ہے،انہیں علماء صالحین میں ایک بہترین نام حافظ صلاح الدين یوسف حفظہ اللہ کا ہے،زیر نظر کتاب میں نکاح کے مسنون طریقہ کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ خطبہ نکاح کا پیغام بھی خوبصورت انداز میں بیان کیا گیا ہے،آپ نے خطبہ میں پڑھی جانے والی تینوں آیات کی دلنشین تشریح  فرمائی ہے،
اس کے بعد شادی بیاہ کے رسومات کے تعلق سے ایک بھائی کے سوالات پر آپ نے مختصر اور جامع جوابات نوٹ فرمائے ہیں اور ان تمام رسموں پر آپ نے خوبصورت رہنمائی فرمائی ہے.منگنی کی تقریب،جہیز،برات،فضول خرچی جیسے اہم اور خطرناک رسموں کا بہترین رد فرمایا ہے،اسی طرح موسیقی کی حرمت پر ایک فتوی  بھی شامل کتاب ہے تاکہ شادی کی مناسبت پر موسیقی سے خصوصی طور پر  اجتناب کیا جائے،
اسی طرح سے"دنیا کا سب سے "قیمتی بندھن" نام کا فیچر موجود ہے جس میں ان شادیوں کا منظر پیش کیا گیا ہے جس میں پیسہ پانی کی طرح بہایا جاتا ہے،اور کبر وغرور اور فضول خرچی کا مکمل آئینہ دار ہوتا ہے، یہ مضمون روف ظفر صاحب کا ہے،اور بہت بہترین ہے۔ 16 صفحات پر مشتمل ہے،امیر وغریب کی شادیوں کا پورا منظر پیش کیا گیا ہے،
اس کے بعد ان رسموں کے تعلق سے ہماری کیا ذمہ داری ہے،اسے بیان کیا گیا ہے،اور روک تھام کیلئے تجاویز پیش کی گئی ہیں،اور اہل دنیا کی راہ نہ چل کر اسلام کی راہ چلنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ سعادت وکامیابی اسلام ہی کی راہ میں ہے،
اور اس کے بعد گھر کو خوشگوار رکھنے کیلئے چند رہنما اصول بیان کئے گئے ہیں اور ازدواجی زندگی کو پر سکون پر لطف اور کامیاب بنانے کیلئے میاں بیوی کو چند قیمتی نصیحتیں پیش کی گئی ہیں، اور شادی سے متعلق دعائیں بیان کی گئی ہیں اور ایک خوبصورت نظم پر کتاب کو مکمل کردیا گیا ہے جس نظم کا آخری شعر یہ ہے،
خوشی تجھ کو میسر ہو تو دل خوش کام ہے میرا 
بوقت  رخصت  اے  بیٹی!     یہی  پیغام  ہے میرا 
کتاب کی لنک پیش خدمت ہے تاکہ دلچسپی رکھنے والے احباب ڈاونلوڈ کریں اور پڑھیں اور سماج کو رسم و رواج سے نجات دلانے میں اپنا تعاون پیش فرمائیں۔کتاب کی لنک:https://kitabosunnat.com/kutub-library/masnoon-nikah-aur-shadi-biyah-ki-rasoomat
آپ ہمارے بلاگ صفحہ پر تشریف لائے،اس کیلئے ہم آپ کے بے حد شکر گذار ہیں 


محمد حنیف ندوی ایک تعارفی مطالعہ:تعارف وتبصرہ


نام کتاب:مولانا محمد حنیف ندوی:ایک تعارفی مطالعہ
مصنف:ڈاکٹر سعادت سعید
صفحات:155 
تبصرہ نگار:عتیق الرحمن عبید الرحمن سلفی آئی آئی سی یادو نگر ساکی ناکہ ممبئى 
⚘⚘⚘⚘⚘⚘⚘⚘⚘⚘
اللہ تعالی جس کے ساتھ بھلائی کا ارادہ کرتا ہے،اسے دین کی سمجھ عطا فرمادیتا ہے،اور یہ سمجھ اسے ملتی ہے جسے دین کا علم سیکھنے کی توفیق عطا فرمائے،دین کی سمجھ،خیر کثیر کا کشادہ ترین دروازہ ہے،اسی علم سے ہی تمام بھلائیاں جڑی ہوئی ہیں، اسی لئے ہردور میں امت میں بڑے بڑے اہل علم پیدا ہوئے،اور علم کے نشر واشاعت کیلئے سیکھنے اور سکھانے کو علماء کرام نے اپنا مشن بنالیا،انہیں عظیم اہل علم میں سے ایک نام ہمارے ممدوح کا بھی ہے،یہ مولانا محمد حنیف ندوی رحمہ اللہ کی تعارفی سوانح ہے،آپ کتاب و سنت  کے ایک ماہر عالم دین تھے،قلم کے خادم،مصنف ومولف،اور انتہائی خوش مزاج انسان تھے،بےحد ملنسار،اور متواضع  عالم دین تھے،اس کتاب میں آپ کی سوانح کے ساتھ ساتھ آپ کی فکری،علمی اور تصنیفی کاموں پر بڑی ہی تفصیل   سے بیان کیا ہے،آپ کی شخصیت جماعت اہل حدیث کیلئے اور دوسرے مسلمانوں کیلئے قابل صد افتخار ہے،آپ کے متعلق ایک کتاب محمد اسحاق بھٹی  نے بھی ترتیب دی ہے،اور وہ آپ کے رفقاء میں سے ہیں،زیر تبصرہ  کتاب میں آپ کی تصنیفات وتراجم کا جامع تعارف پیش کیا گیا ہے۔
حرف اول کے عنوان سے ایک مقدمہ لکھا گیا جس میں آپکے  ابتدائی حالات،تعلیم،اساتذہ اور وہ ماحول اور سوسائٹی جس میں پلے بڑھے اس کا مختصر ذکر ہے،آپ ایک مفکر اور فلسفی ہیں،آپ کا مطالعہ دینی،دنیوی،مشرقی اور مغربی علوم تک پھیلا ہوا ہے،آپ قدیم و جدید عربی کے ماہر ہیں،آپ کو تصنیف و تالیف کا بہترین ذوق اور سلیقہ ہے.لیکن مصنف نے یہ کہہ کر آپ کے تذکرے کو روک دیا کہ آپ کی سوانح آپ کے کئی معاصر علماء نے لکھی ہے لہذا وہاں رجوع فرمائیں.
اس کے بعد'' کمند آور انسان'' کے عنوان سے آپ کی ذہانت،شوق وذوق،تعلیمی مہارت،بہترین اساتذہ کی فراہمی وغیرہ موضوعات پر خامہ فرسائی کرکے بہترین تعارف پیش کیا ہے،اس کے بعد یکے بعد دیگرے ان کی جملہ کتابوں پر روشنی ڈالی گئی ہے اور آپ کی کتابوں کا تعارف پیش کیا گیا ہے، یہ کتاب مولانا محمد حنیف ندوی رحمہ اللہ کا علمی تعارف اس قدر اعلی انداز میں پیش کرتی ہے کہ  قاري کے دل پر آپ کی علمیت کی دھاک بیٹھ جاتی ہے. اور ایسے مخلص اور محنتی علماء کرام کیلئے دل سے دعائیں نکلتی ہیں،جنہوں نے اپنے علم نافع کو قلم کے ذریعہ امت مسلمہ کی طرف منتقل کیا،اللہ آپ کے خدمات کو قبول فرمائے، آمین
کتاب کی لنک درج ذیل ہے،آپ یہاں سے یہ کتاب ڈاونلوڈ کرسکتے ہیں: کتاب کی لنک پیش خدمت ہے:جزاکم اللہ احسن الجزاء آمین

https://kitabosunnat.com/kutub-library/molana-muhammad-hanif-nadvi-aik-taarfi-mutaleah

رسومات محرم الحرام اور سانحہ کربلا:تعارف وتبصرہ


نام کتاب:رسومات محرم الحرام اور سانحہ کربلا
مولف:شیخ حافظ صلاح الدین یوسف صاحب حفظہ اللہ
حجم کتاب:115 صفحات
تبصرہ نگار:عتيق الرحمن عبید الرحمن سلفی آئی آئی سی یادو نگر ساکی ناکہ ممبئى 
-------------------------------------------------------
محترم قارئین:اسلام کتاب اللہ اور سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کا نام ہے،یہی وحی متلو وغیر متلو سرچشمہ ہدایت ہے،سلف صالحین اسی راہ پر تھے،صراط مستقیم اسی کانام ہے،دنیا وآخرت کی سعادت اسی میں رکھی گئی ہے،جب جب اس سے انحراف کیا گیا ہے امت پر مصیبتیں آئی ہیں،اللہ کا شکر ہے کہ ہر دور میں ایسے اہل بدعت کے مقابل ماہرین کتاب وسنت کی ایک جماعت رہی ہے جنہوں نے امت کو سنت کی راہ دکھائی ہے ،بدعت سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا ہے،اہل بدعت نے امت کو بدعت کے جس اتھاہ سمندر میں ڈھکیل دیا اور بدعتوں اور گمراہیوں کا جو نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کردیا ہے،ان میں خطرناک ترین بدعت "حب حسین میں غلو" ہے،اور ماہ محرم جو عظمت وحرمت کا مہینہ تھا،سانحہ کربلا کے نام پر اس ماہ کی اسی قدر دھجیاں اڑائی گئی.
محترم قارئین: اس ماہ کی اہمیت اور اس میں ہورہے خرافات کو سمجھنے کیلئے میں نے کتابیں تلاش کرنی شروع کیں،تلاش بسیار کے بعد کچھ کتابیں ملیں،ان سب کو پڑھ گیا،صرف اتنا پتہ چلا کہ یہ ماہ حرمت کا ہے،اور حرمت کے چاروں مہینوں میں سے یہی سب سے زیادہ احترام والا مہینہ ہے،اس کی حرمت آسمان وزمین کی تخلیق کے دن سے ہی ہے،اس میں روزہ رکھنا رمضان کے بعد سب سے افضل ہے، اس میں دسواں دن جسے عاشوراء کہاجاتا ہے وہ خاص اہمیت کا حامل ہے،حق کی صداقت  اور باطل کی تباہی کا دن ہے،اسی دن موسی علیہ السلام  وبنی اسرائیل کو اللہ نے نجات عطا فرمائی تھی، اور فرعون وآل فرعون کو غرق آب کردیا تھا،آپ پہلے بھی روزہ رکھتے تھے،مدینہ میں بھی آپ نے رکھا،بلکہ فرض قرار دیا،لیکن فرضیت صوم رمضان کے بعد اب یہ مستحب ہے،دس محرم کا روزہ رکھنے سے گذشتہ ایک سال کا گناہ معاف ہوجاتا ہے،اور یہود کی مخالفت کیلئے نو تاریخ یا گیارہ تاریخ کا روزہ بھی رکھنا ہے،
جس کتاب پر تبصرہ مطلوب ہے وہ حافظ صلاح الدین یوسف صاحب حفظہ اللہ کی کتاب ہے جسے دارالسلام نے چھاپا ہے،یہ آپ کے مضامین ہیں لیکن آپنے اضافہ و ترتیب کرکے کتابی صورت دے دی ہے اوراب اپنے موضوع کی بہترین کتاب بن گئی،
آئیے ذرا تفصیل سے گفتگو کرتے ہیں. آپ کتاب کا آغاز یوں فرمایا ہے۔
پہلا باب: *#محرم الحرام ----سن ہجری کا آغاز*
*سانحہ کربلا کا اس کی حرمت سے کوئی تعلق نہیں*
اس باب میں آپ نے اس بات کی وضاحت فرمائی کی کہ اس کی حرمت شریعت کا ایک حصہ ہے اور شہادت حسین کا اس کی حرمت سے کوئی لینا نہیں ہے،کیونکہ دین نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں ہی مکمل ہوگیا تھا،اور حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت بہت بعد کی بات ہے،اسی طرح ماتم اور سوگ بھی ناجائز ہے کیونکہ اگر ایسا کرنا جائز ہوتا تو عمر فاروق رضی اللہ عنہ اس کے زیادہ حق دار ہیں لیکن کسی کیلئے  بھی اسلام میں جائز نہیں ہے۔
دوسرا باب:عشرہ محرم اور صحابہ کرام کا مطلوب احترام
اس باب میں نے عشرہ محرم میں منعقد کی جانے والی مجالس کو بدعت قرار دیا اور اس بات کو بہت ہی دکھ کے ساتھ بیان فرمایا ہے کہ شیعہ حضرات تو شہادت حسین کو بڑھا چڑھا کر بیان کرتے ہی ہیں اور صحابہ کو گالیاں بھی دیتے ہیں لیکن یہ اپنے کو اہل سنت کہلانے والے بریلوی یہ بھی انہیں کے نقش قدم پر چلتے دکھائی دیتے ہیں،اور صحابہ کی شان میں گستاخی کرتے ہیں،پھر آپ نےصحابی کی اصطلاحی تعریف بیان کی ہے،اور ہر صحابی کی عزت کو ایمان کا حصہ قرار دیا ہے،اور صحابہ پر جرح کو تباہی سے تعبیر فرمایا.
تیسرا باب:ماہ محرم اور عاشورہ محرم
ان دنوں میں کئے جانے والے اعمال مثلا نوحہ و ماتم ،مجالس عزاء وغیرہ کو آپ نے "جاہلیت "کے کام قرار دیا،بریلوی بھی شیعوں کی طرح بدعات کرتے ہیں، اور بدعت گمراہی ہے اس سےبچنا چاھیئے، اس کے بعد آپ نے روزہ کی فضیلت بیان فرمائی ہے،اور 9 اور 10 محرم کا روزہ افضل قرار دیا ہے.
*توسیع طعام کی بابت ایک من گھڑت روایت*
  اس میں آپ نے ایک روایت جو بہت مشہور ہے اسے موضوع بتایا ہے اور اس کی مختصر  تحقیق پیش فرمائی ہے،
چوتھا باب:مذکورہ بدعات و رسومات کی ہلاکت خیزیاں
اس باب میں آپ نے تعزیہ سے متعلق بہت سارے خرافات کا رد کیا ہے، احادیث اور اقوال اور اسی طرح امام بریلویت احمد رضا کی کتابوں سے بھی ان خرافات کی ممانعت پیش کی ہے،تاکہ بریلوی علماء سمجھیں اور عوام کو ان بدعات کے ترک پر آمادہ کریں وفقہم اللہ للخیر .
پانچواں باب:شیعی رسومات کی تاریخ ایجاد وآغاز
اس میں آپ نے تاریخی کتابوں سے ثابت کیا ہے کہ یہ بدعات خیر القرون میں نہ تھے بلکہ 351 ہجری میں معز الدولہ دیلمی نے ایجاد کئے اور طاقت کا استعمال کرکے اسے رائج کیا،
چھٹا باب: اہل سنت کے غور وفکر کیلئے چند باتیں
آپ نے پہلی بات یہ پیش کی ہے کہ کیا معرکہ کربلا حق وباطل کی جنگ تھی یا ایک حادثہ تھا ؟پھر آپ نے دلائل سے ،پوری بصیرت سے سمجھایا ہے اور سمجھنے کی دعوت دی ہے کہ یہ ایک سیاسی معرکہ تھا اور شہادت حسین ایک حادثہ.
یہ باب پڑھنے کے لائق ہے اور اعتدال اور منہج سلف کا مکمل آئینہ دار ہے۔
دوسری بات:اس ماہ میں شہادت حسین کا ذکر کرنا شیعیت کو فروغ دینا ہے، جب دیگر شہداء اسلام کی تاریخیں آتی ہیں تو ہم کچھ نہیں کرتے ہیں اور محرم آتے ہی ہم بھی اسی موضوع پر بولنا اور لکھنا شروع کردیتے ہیں، اور دیگر شہداء کو نظرانداز کردیتے ہیں اس طرح ہم شعوری یا لاشعوری طور پر شیعیت کو فروغ دیتے ہیں.
تیسری بات:"*امام"اور"*علیہ السلام*"استعمال کرنا
یہ دونوں لقب بھی شیعہ کے مخصوص عقائد کی  علامت ہیں، لیکن لوگ ان کا بھی خوب استعمال کرتے ہیں،
چوتھی بات:#یزید پر سب وشتم کا مسئلہ
آپ نے بہت ہی عمدہ طریقے سے اس معاملہ کو حل فرمایا ہے اور امام احمد رضا کا مسلک نقل فرمایا ہے کہ وہ سکوت کے قائل ہیں، اس لئے بریلوی علماء کو ذرا سوچنا چاھیئے۔
آپ کے مضامین پرایک  بریلوی عالم نے سوالات بھیجا تھا تو آپ نے ان کے جوابات دیئے تھے،وہ سوالات مع جوابات اس کتاب میں موجود ہیں، اور بڑے تشفی بخش جوابات ہیں اور  25 صفحات پر بڑے تفصیلی انداز میں ہیں،
آٹھواں باب: یزید کو رحمہ اللہ کہنا نہ صرف جائز بلکہ مستحب ہے۔
آپ نے امام غزالی کا فتوی نقل کیا ہے اور پوری طرح اس مسئلہ کی بھی وضاحت فرمائی ہے، اور فرمایا کہ یزید  مسلمانوں کیلئے ہونے والی دعاؤں میں ازخود شامل ہے، اللهم اغفر للمومنين والمومنات
نوواں باب:غزوہ #قسطنطنیہ کی سپہ سالاری
بعض لوگوں نے یزید رحمہ اللہ کو اس سے محروم کرنے کیلئے مغالطہ کی کوشش کی ہے آپ نے ثابت کیا کہ مغفور لہم کی بشارت کے مستحق آپ ہی ہیں۔
دسواں باب: سانحہ کربلا اور حسین ویزید
شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کی نظر میں
اس باب میں آپ نے شیخ الاسلام کی کتابوں سے پوری تفصیل نقل فرمادی ہے جو 16 صفحات پر مشتمل ہے، یہ باب بہت ہی عمدہ ہے،
شہادت حسین کے بعد کس طرح امت کو گھیرنے اور گمراہ کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں،
گیارہواں باب:سانحہ کربلا پس منظر اور اہم اسباب
اس باب میں آپ نے بڑی ہی گہرائی سے اس بات کی وضاحت فرمائی ہے کہ کس طرح سے اہل کوفہ نے بلایا اور اور پھر آپ نے اجلہ صحابہ کے سمجھانے کے باوجود سفر جاری رکھا اور کن کن عوامل اور اسباب کی وجہ سے یہ سانحہ وجود میں آیا، اللہ شیخ کو جزائے خیر عطا فرمائے آپ نے اس مسئلہ کو اتنا واضح کردیا کہ مزید کسی اور کتاب کو بڑھنے کی ضرورت نہیں ہے،
بارہواں باب: رسومات محرم --علماء اسلام کی نظر میں
شاہ ولی اللہ محدث دہلوی،حافظ ابن کثیر،شاہ اسمعیل شہید دہلوی رحمہم اللہ کی کتابوں سے اقتباسات نقل کیا ہے اور بتایا ہے کہ ان علماء نے محرم الحرام میں کئے جانے والے یہ سب اعمال بدعت اور مردود ہیں
یہ کتاب اپنے موضوع پر انتہائی جامع ومانع ہے،محرم اور اس سے متعلق تمام مسائل کو سمجھنے کیلئے بے حد مفید کتاب ہے،علماء اور عوام یکساں استفادہ کرسکتے ہیں۔
اللہ شیخ کے علم وعمل میں برکت دے،اور ہمیں استفادہ کی توفیق عطا فرمائے آمین
یہ کتاب آپ یہاں سے ڈاونلوڈ کرسکتے ہیں۔

Friday, 8 November 2019

تفسیر سورہ ق: تعارف وتبصرہ


نام کتاب:تفسیر سورہ ق
مصنف:شیخ ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ 
صفحات:202 
تبصرہ نگار:عتیق الرحمن عبید الرحمن سلفی آئی آئی سی یادو نگر ساکی ناکہ ممبئى 
---------------------------------
محترم قارئین:قرآن مجید سر چشمہ ہدایت ہے،اسرار ورموز اور وضاحت وبیان کا خزانہ بے مثال ہے،اس کتاب کی تشریح وتوضیح رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذمہ داری تھی،آپ نے جس طرح صحابہ کرام کو قرآن کی تعلیم دی،اسی طرح آپ نے صحابہ کو تفسیر بھی سکھائی،تاکہ وہ اس کتاب کی تعلیمات پر عمل کرسکیں،خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ ہی میں عبد اللہ بن مسعود،زید بن ثابت،ابی بن کعب رضی اللہ عنہم  جسے صحابہ قرآن کریم کے علوم میں مہارت حاصل کرچکے تھے،اسی وقت سے قرآن کی تفسیر کا مبارک سلسلہ شروع ہوا،اور علماء کرام کی خصوصی توجہ سے اس فن پر بے شمار کتابیں لکھی گئیں،جن سے امت میں علم کی روشنی پھیلی،قرآن سے رابطہ مضبوط ہوا،یہ تفسیری کام اردو میں بھی ہوا،جس کا آغاز خانوادہ ولی اللہ سے شروع ہوا، یہ سنہری سلسلہ تا ہنوز جاری ہے،زیر تبصرہ کتاب پاکستان کے ایک مشہور اہل حدیث عالم،کتاب وسنت کے ماہر،درجنوں کتابوں کے مصنف،بالغ نظر اہل قلم،دفاع کتاب وسنت و صحابہ میں نشیط،فضیلة الشیخ ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ وتولاہ کی تالیف لطیف ہے،آپ نے اس سورہ کی عظمت،اہمیت،مشمولات کی جامعیت اور   رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اس سورت کے اہتمام کی وجہ سے آپ نے اس سورہ کی تصنیف و تالیف وتفسیر فرمائی ہے،اور اہل علم کو دعوت دی ہے کہ سورہ ق کو اپنے خطابات ودروس کا موضوع بنائیں،
یہ سورہ مبارکہ جمعہ،عیدین،نماز فجر وغیرہ میں پڑھا کرتے تھے،
صرف 45 آیات ہیں لیکن جامعیت کا یہ عالم ہے کہ بڑے بڑے مضامین کو اپنے اندر خوبصورتی سے سموئے ہوئے ہے،
پہلے قرآن کی قسم کھا کر اس کی حقانیت اور رسالت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت کو ثابت کیا ہے،
بعدہ قیامت کے وقوع پر اپنی ربوبیت اور کائنات میں بکھرے دلائل سے ثابت کیا ہے، گذشتہ قوموں کی تباہی وبربادی کا ذکر کرکے قرآن پر ایمان کی دعوت دی ہے، اپنے علم وقدرت اور انسان کی کمزوری کو بیان کیا ہے،موت کا منظر،میدان محشر میں حاضری،جہنم رسید ہونے والے کفار کے برے اعمال وکردار،جہنم اور جنت کا بلیغ تذکرہ،اہل جنت کیلئے بشارات اور ان کے دخول جنت کے اسباب اور صفات،دائمی جنت کا وعدہ،قرآن سے استفادہ کا طریقہ،کائنات کی تخلیق،تسبیح  وتحمید کا حکم،قیامت کے دن مجرمین کی حاضری، میدان محشر اور اس سے قبل کے مناظر،اور پھر آخر میں آپ کو اپنے مشن دعوت و ابلاغ کا حکم اور قرآن کے پیغام سے اصلاح کرنے والوں کا ذکر اور آپ کو تسلی وغیرہ 
ابن القیم الجوزیہ رحمہ اللہ نے اپنی الفوائد میں اس سورہ کا بڑا ہی جامع تعارف پیش کیا ہے اور مختصر اور جامع تفسیر بھی فرمائی ہے،وہ اگر آپ پڑھ لیں تو آپ کو اس سورہ سے بے حد محبت ہوجائیگی۔
یہ وہ مضامین ہیں جو اس سورہ میں موجود ہیں اور ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ وتولاہ کی یہ تالیف بہت ہی عمدہ ہے،میں نے پڑھا اور پوری طرح ڈوب کر پڑھا،آپ بھی پڑھیں،بے حد دلنشین  اور مفیدکتاب ہے
اللہ ہم سب کو قرآن کی تلاوت کرنے،اور اس کے معانی اور تفاسیر پڑھنے اور عمل کی توفیق  بخشے۔آمین 
کتاب کی لنک پیش خدمت ہے آپ یہاں سے ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں جزاکم اللہ احسن الجزاء آمین 
 https://archive.org/details/TafseerSorahKaaf

  

دعوت حق کے تقاضے:تعارف وتبصرہ

نام کتاب :دعوت حق کے تقاضے
  مولف:فضیلةالشیخ عبد العزیز بن احمد المسعود حفظہ اللہ 
مترجم:فضیلةالشیخ محمد یونس بٹ حفظہ اللہ 
تبصرہ نگار:عتیق الرحمن عبید الرحمن سلفی آئی آئی سی ممبئی 
قارئین کرام: دعوت الی اللہ بڑا ہی عظیم اور بابرکت کام ہے،انبیاء کرام کی زندگی کا مطلوب ومقصود یہی دعوت الی اللہ ہی رہا ہے اب جب کہ نبوت ورسالت کا  مبارک سلسلہ بند کردیا گیا ہے،اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو خاتم الانبیاء قرار دیا جاچکا ہے تو اب اس دعوت کی ذمہ داری علماء کرام کے کاندھوں پر ڈال دی گئی ہے اور قیامت تک دعوت و تبلیغ کا مقدس فریضہ آپ کے ذی علم امتی انجام دیتے رہیں گے۔ دعوت و تبلیغ کی اہمیت وضرورت کے پیش نظر ہی علماء کرام نے اس موضوع پر خصوصی توجہ فرمائی ہے اور بے شمار کتابیں لکھی ہیں ، امت کا شرف اور وقار اللہ نے اسی فریضہ کی ادائیگی کے ساتھ مربوط کردیا ہے۔
 چند دنوں کیلئے اسلامک انفارمیشن سینٹر اندھیری ممبئی آنے کا اتفاق ہوا، یہاں بڑی بہترین لائبریری ہے،کتابوں کا ذخیرہ دیکھ کر طبیعت خوش ہوگئی، کتابوں سے محبت اللہ کی ایک نعمت ہے،کتابوں کی زیارت کرتے ہوئے مذکورہ کتاب پر نگاہ پڑی،فورا نکال لیا اور فہرست پر نظر ڈالتے ہی فیصلہ کرلیا کہ آج اسی کا مطالعہ کرنا ہے، 180 صفحات پر مشتمل یہ کتاب دو دنوں میں مکمل پڑھ گیا، بڑی دلچسپ اور داعی کے صفات کو بڑے انوکھے انداز میں پیش کرتی ہوئی یہ کتاب دل کو بھا گئی سوچا دوبارہ پڑھو لیکن قلت وقت اور مصروفیات  نے اجازت نہ دی، 
کتاب دارالسلام ریاض سے طبع ہوئی ہے اس لئے طباعت کا معیار بہت اعلی اور عالمی ہے.
مولف نے کتاب کا مختصر مقدمہ لکھا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ جو دعوت الی اللہ اور امر بالمعروف والنہی عن المنکر میدان سے جڑے ہوئے ہیں وہ یہ کتاب ضرور پڑھیں،
صاحب کتاب نے اس کتاب کو آٹھ ابواب پر تقسیم کیا ہے 
پہلا باب اخلاص پر مبنی ہے کیونکہ ہماری تمام عبادات،افعال واقوال کی جان اخلاص ہی ہے،قبولیت عمل کا دارو مدار اخلاص ہی ہے ،مولف نے قرآن وسنت اور اقوال سلف کی روشنی میں اخلاص کی عظمت،اہمیت،ضرورت کو ثابت کیا ہے اور اسے داعی کا بنیادی وصف قرار دیا ہے، سوائے رضاء الہی کے اور کوئی طلب نہیں ہونی چاہیے نہ شہرت، نہ مدح ستائش،نہ دنیاوی جاہ ومنصب، نہ مال ومنال۔
دوسرا باب اصلاح نفس پر مشتمل ہے، علوم دینی کا پہلا مقصد ہی اپنی اصلاح ہے اور جو اپنی اصلاح کے بجائے صرف دوسروں کی اصلاے کرتا رہے ایسا انسان احمق ہے، اسی لئے مولف نے داری کے اصلاح نفس کیلئے چند اعمال کی طرف رہنمائی فرمائی ہے اور قرآن وسنت کی روشنی میں سمجھایا ہے،
پہلی چیز: نفل نمازوں کا اہتمام کرنا،مثلا سنن رواتب، اشراق وغیرہ کا،اس سے داعی کو قوت اور تاثیر ملتی ہے،
دوسری چیز:قیام اللیل اور تہجد کا اہتمام کرنا ،دعوت کی قبولیت اور تقویت کیلئے تہجد کی نماز نہایت اثر انگیز چیز ہے، رات میں اٹھنا،تلاوت قرآن،رب کی قربت،دعاء یہ سب رفعت کے قوی اسباب ہیں،
تیسری چیز:روزے اور صدقات،یہ دونوں عبادتیں انسان کو صبر اور حوصلہ بخشتی ہیں،اور مدعو کے دل کو نرم کرتی ہیں،قبولیت کے امکان میں اضافہ کرتی ہیں ،
چوتھی چیز:تلاوت قرآن مجید کا اہتمام،قرآن کریم سے مضبوط تعلق کامیابی ضمانت ہے،یہی تو سر چشمہ ہدایت ہے،
مولف نے ان باتوں کو زاد راہ اور داعی کا مضبوط ہتھیار قرار دیا ہے،تکالیف کو برداشت کرنے میں معاون قرار دیا ہے ۔
تیسرا باب: علم وتقوی کے بیان پر مشتمل ہے،آپ نے علم اور علماء اور داعی کیلئے علم کی ضرورت اور عظمت پر دلائل پیش کئے ہیں، کیونکہ ایک داعی بغیر علم کے دعوت ہی نہیں دے سکتا ہے کیونکہ بغیر علم کے دعوت گمراہی ہے،اور عالم بصیرت کے ساتھ دعوت پیش کرتا ہے،اسی لئے اللہ نے قول و عمل کی درستگی کیلئے علم کو شرط قرار دیا ہے،بڑی تفصیل سے آپ نے اس پر گفتگو کی ہے اس کے بعد تقوی پر روشنی ڈالی ہے کیونکہ داعی کا گناہ سے بچنا اس دعوتی اور دینی ضرورت ہے،اگر وہ خود ہی گناہوں کا ارتکاب کریگا تو اس کی دعوت بے اثر ہوجائیگی اور اس کا وقار مجروح ہوجائیگا 
چوتھا باب: نرمی،بردباری،درگذر  یہ اوصاف داعی کو لوگوں کی نگاہ میں محبوب بنادیں گے،
تمام انبیاء نے نرمی اور شفقت ہی کے ساتھ دعوت پیش کی ہے،آپ نے نرمی،بردباری اور معاف کرنے، درگذر کرنے کی فضیلت اور اہمیت وتاثیر کو قرآن وسنت اور سیرت رسول اور سیرت انبیاء روشنی میں اجاگر کیا ہے،اس موضوع کو آپ نے 32 صفحات دئے کیونکہ مولف نے موجودہ دور کے دعاة کو بہت قریب سے دیکھا ہے اور ان کی سختی،بدزبانی اور قساوت قلبی کو محسوس کیا ہے،ہمیں اپنے اخالق میں نرمی اور معافی اپنانے اور درگزر کرنے عادت اپنانے کی ضرورت ہے 
پانچواں باب کے نام ہے :طبیعت میں اعتدال 
جلد بازی بری عادت ہے،سنجیدگی،وقار،ٹھہراؤ، جیسے اوصاف سے داعی کو متصف ہونا چاھیئے ۔جوش میں ہوش کھو دینا یہ عیب ہے داعی الی اللہ ایسا نہیں ہوتا ہے۔
چھٹا باب:صبر کا ہے،صبر ایک ایسی خوبی ہے جو تمام انبیاء نے اختیار فرمائی ہے،دنیا وآخرت میں کامیابی کیلئے صبر بے حد ضروری ہے،رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ نے صبر کا حکم دیا اور صبر کرنے والوں کو اپنی معیت نصرت اور جنت کی بشارت دی ہے، مولف نے 35 صفحات پر صبر کی تعریف سے لیکر اس کے اجر وثواب کو بیان فرمایا ہے،واقعی بےصبرا انسان  کبھی بھی بہترین داعی نہیں ہوسکتا ہے،
ساتواں بات:حسن اخلاق اور غصے سے دوری 
بد اخلاقی نفرت کا سبب ہے اور غصہ انسان کے خبطی بنادیتا ہے،بصیرت سے محروم کردیتا ہے، اسی لئے داعی الی اللہ کو حسن اخلاق کا پیکر ہونا چاھیئے اور تحمل مزاج ہونا چاھیئے،قربت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا شرف حسن اخلاق سے ملتا ہے اور غصہ کو پی جانے والے،معاف کردینے والے جنتی ہوتے ہیں،یہ باب بھی بہت ہی خوبصورت ہے، دلائل کتاب وسنت سے مزین خوبصورت  گلدستہ،
 آپ نے غصہ کا علاج بھی بڑی تفصیل سے پیش کیا ہے،  اور آٹھ علاج کو دلائل کے ساتھ بیان کیا ہے،
آخری باب:میں عیب بینی کے بجائے عیب پوشی کی تعلیم دی ہے 
کتاب مطالعہ کے لائق ہے،اور میں ان دوستوں کو ترغیب دونگا یہ کتاب محبت کے ساتھ عمل کے جذبہ سے پڑھیں،اللہ ہم سب کو دین کا سچا داعی بنائے اور اوصاف دعاةسے متصف فرمائے 
اللهم آت نفسي تقواها وزكها انت من زكاها انت وليها ومولاها 
✍عتيق الرحمن عبيد الرحمن سلفي  
(داعی اسلامک انفارمیشن سینٹر ممبئى)

Thursday, 7 November 2019

دینی علم کی اہمیت وضرورت

                🌹دینی علم کی اہمیت وضرورت 🌹
اسلام علم والا دین ہے،اسلام کو نازل فرمانے والا اللہ خودہر ظاہر و پوشیدہ چیزوں کا جانکارہے،وہ اللہ دلوں کے پوشیدہ رازوں کو بھی جانتا ہے،انسانوں کے باپ کو عزت ورفعت علم کے ذریعہ ہی عطا کیا گیا،اور فرشتوں کا مسجود بنایا گیا،اللہ نے تمام انبیاء کرام کو علم و حکمت کی نعمت اور عزت دیکر مبعوث فرمایا،قرآن کی پہلی تعلیم جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوئی اس میں پڑھنے،لکھنے اور سیکھنے کا ہی پیغام دیا گیا،گویا اس امت کی بنیاد ہی علم پر رکھی گئی ہے،جہالت کا اسلام سے وہی رشتہ ہے جو رات کو دن سے اور روشنی کو اندھیرے سے،کہ یہ کبھی بھی یکجا نہیں ہو سکتے ہیں اسی طرح ایمان اور جہالت یکجا نہیں ہوسکتے ہیں،اسلام کا معجزہ قرآن کریم ایک علمی معجزہ ہے،رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا منصب نبوت ورسالت آیات بینات کی تلاوت اور تعلیم ہے،اللہ تعالی کا فرمان ہے:هُوَ الَّذِي بَعَثَ فِي الْأُمِّيِّينَ رَسُولًا مِّنْهُمْ يَتْلُو عَلَيْهِمْ آيَاتِهِ وَيُزَكِّيهِمْ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ وَإِن كَانُوا مِن قَبْلُ لَفِي ضَلَالٍ مُّبِينٍ.ترجمہ:وہی ہے جس نے ناخوانده لوگوں میں ان ہی میں سے ایک رسول بھیجا جو انہیں اس کی آیتیں پڑھ کر سناتا ہے اور ان کو پاک کرتا ہے اور انہیں کتاب وحکمت سکھاتا ہے۔ یقیناً یہ اس سے پہلے کھلی گمراہی میں تھے۔
اللہ نے اپنے نبی پر سب سے عظیم فضل یہ کیا کہ آپ کو علم عطا فرمایا" وَأَنْزَلَ اللَّهُ عَلَيْكَ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ وَعَلَّمَكَ مَا لَمْ تَكُنْ تَعْلَمُ وَكَانَ فَضْلُ اللَّهِ عَلَيْكَ عَظِيمًا.(النساء/113) ترجمہ:اللہ تعالیٰ نے تجھ پر کتاب وحکمت اتاری ہے اور تجھے وه سکھایا ہے جسے تو نہیں جانتا تھا اور اللہ تعالیٰ کا تجھ پر بڑا بھاری فضل ہے۔علم کا حاصل کرنا تمام مسلمانوں پر فرض قرار دیا گیا ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:طَلَبُ الْعِلْمِ فَرِيضَةٌ عَلَى كُلِّ مُسْلِمٍ، ابن ماجة/224)ترجمہ:علم دین حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے.
اللہ تعالی نے عالم اور بے علم کے درمیان برابری کی نفی کی ہے کہ یہ دونوں کسی بھی طور پر برابر نہیں ہوسکتے ہیں،کیونکہ اللہ تعالی عالم کو  عام مومن پرفضیلت اور بلندی عطا فرما دیتا ہے ارشاد باری تعالی ہے:يَرْفَعِ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا مِنْكُمْ وَالَّذِينَ أُوتُوا الْعِلْمَ دَرَجَاتٍ.
ترجمہ:اللہ تعالیٰ تم میں سے ان لوگوں کے جو ایمان ﻻئے ہیں اور جو علم دیئے گئے ہیں درجے بلند کر دے گا.(المجادلة/11)
علم کا طلبگار جنت کا مسافر ہوجاتا ہے،پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:وَمَنْ سَلَكَ طَرِيقًا يَلْتَمِسُ فِيهِ عِلْمًا سَهَّلَ اللَّهُ لَهُ بِهِ طَرِيقًا إِلَى الْجَنَّةِ.(صحيح مسلم/6853)ترجمہ:اورجو شخص حصول علم کی راہ پر چلے گا اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت کا راستہ سہل کر دے گا۔اتنا ہی نہیں بلکہ کتاب وسنت کی تعلیم کیلئےمساجد میں منعقد کی جانے والی مجالس کو  سکینت،رحمت،نزول ملائکہ،ملأ اعلی میں ذکر خیر،جیسی عظیم بشارت سے نوازا گیا ہے،تاکہ اہل علم اور طالبان علوم نبوت کے مقام ومرتبہ کو نمایاں کیا جائے،حدیث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس طرح ہے:وَمَا اجْتَمَعَ قَوْمٌ فِي بَيْتٍ مِنْ بُيُوتِ اللَّهِ يَتْلُونَ كِتَابَ اللَّهِ وَيَتَدَارَسُونَهُ بَيْنَهُمْ إِلَّا نَزَلَتْ عَلَيْهِمُ السَّكِينَةُ وَغَشِيَتْهُمُ الرَّحْمَةُ وَحَفَّتْهُمُ الْمَلَائِكَةُ، وَذَكَرَهُمُ اللَّهُ فِيمَنْ عِنْدَهُ..(صحيح مسلم/6853)ترجمہ:اور جو لوگ جمع ہوں اللہ کے کسی گھر میں اللہ کی کتاب پڑھیں اور ایک دوسرے کو پڑھائیں تو ان پر اللہ کی رحمت اترے گی اور رحمت ان کو ڈھانپ لے گی اور فرشتے ان کو گھیر لیں گے اور اللہ تعالیٰ ان لوگوں کا ذکر کرے گا اپنے پاس رہنے والوں میں (یعنی فرشتوں میں).
دینی علم کی ضرورت:ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اللہ کی جنت کا حق دار بن جائے،اللہ کو خوش کرلے،پاکیزہ زندگی حاصل کرلے،لیکن یہ ساری نعمتیں بغیر دینی علم حاصل کئے ممکن نہیں ہیں،کیونکہ اللہ تعالی نے پاکیزہ زندگی اور آخرت کی کامیابی کو ایمان اور اعمال صالحہ کے ساتھ جوڑ دیا ہے،اور ایمان وعمل صالح کی بنیاد ہی علم نافع پر رکھی گئی ہے،امام بخاری رحمہ اللہ نے باب باندھا ہے"باب العلم قبل القول والعمل"کہ اس بات کا بیان کہ کہنے اور کرنے سے پہلے علم حاصل کرنا ضروری ہے،کیونکہ  بغیر کتاب وسنت کا علم حاصل کئے نہ عقیدہ و ایمان صحیح ہوسکتا ہے اور نہ ہی اعمال،اسی طرح حلال وحرام،اللہ کے حقوق،بندوں کے حقوق،فرائض وواجبات،عبادات ومعاملات کا جب تک علم نہیں ہوگا تب تک یہ سارے معاملات درست نہیں ہوسکتے ہیں،اسی لئے ایک اچھا مسلمان بننے کیلئے دین کا ضروری اور بنیادی علم حاصل کرنا ضروری ہے،اللہ تعالی کا فرمان ہے:فَاعْلَمْ أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَاسْتَغْفِرْ لِذَنْبِكَ وَلِلْمُؤْمِنِينَ وَالْمُؤْمِنَاتِ.
ترجمہ:سو (اے نبی!) آپ یقین کر لیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور اپنے گناہوں کی بخشش مانگا کریں اور مومن مردوں اور مومن عورتوں کے حق میں بھی،(سورہ محمد/19)
اسی لئے صحابہ کرام نے علم کے حصول میں جی جان لگا دیا،رات رات بھر علم حاصل کرتے تھے،لمبے لمبے سفر کرکے علم حاصل کرتے تھے،فقر وفاقہ کی زندگی کے باجود علم حاصل کرنے سے باز نہیں آتے تھے،موسی علیہ السلام  جیسے جلیل القدر رسول نے بھی سفر کیا تاکہ وہ علم حاصل کریں جس کا انہیں علم نہیں ہے،صحابہ کرام وسلف صالحین پوری بصیرت اور دل کی گہرائی سے اس بات کو سمجھ چکے تھے کہ دین کا علم سیکھے بغیر پاکیزہ زندگی اور آخرت کی کامیابی مل ہی نہیں سکتی ہے،علم کی ضرورت پر امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کا یہ قول منقول ہے:
الناس الى العلم أحوج منهم الى الطعام والشراب لأن الرجل يحتاج الطعام في اليوم مرة أو مرتين ، وحاجته الى العلم بعدد أنفاسه.ترجمہ:لوگوں کو کھانے اور پینے سے زیادہ علم دین کی ضرورت ہے،کیونکہ آدمی کو دن میں ایک یا دو بار کھانے پینے کی ضرورت پڑتی ہے،اور علم دین کی ضرورت اتنی ہے جتنی (زندگی)کیلئے سانسوں کی ضرورت ہے۔
ہدایت،اتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم ،عبادت الہی،پاک وصاف دل،تقوی،خشیت الہی، یہ سب اللہ کی عظیم ترین نعمتیں ہیں،ان کا حصول، علم نافع کے ذریعہ ہی ہوسکتا ہے،علم کی اسی ضرورت واہمیت کی وجہ سے ہی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد نبوی کی تعمیر کے ساتھ "صفہ کلاسیز"کاآغازفرمایا،اور یہ مدرسہ علم کی روشنی کو پورے سماج میں عام کرنے کا کام کرتا رہا،حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ جیسی علمی شخصیت کی تعلیم وتربیت اسی صفہ نامی مدرسہ میں ہی ہوئی تھی جس کے نگراں ومنتظم خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تھے.آج بھی سماج کے بگاڑ وفساد کو دور کرنے کا سب سے اعلی،افضل،مضبوط،کامیاب ذریعہ"کتاب وسنت کی تعلیم اوراس کی اطاعت واتباع"ہی ہے.
اور ہاں اس راہ کی کچھ فرضی رکاوٹیں ہیں،ان کو اپنے آپ سے دور کرو،علم حاصل کرنے میں شرم ورم کرنا حماقت بھی ہے،محرومی بھی ہے،صحابہ کرام اور ان کی بیویاں اس دنیا کی سب سے زیادہ پاکیزہ اخلاق اور شرم وحیا والی تھیں لیکن علم کے طلب میں انہوں نے شرم کو آڑے نہیں آنے دیا،اسی لئے تو ام المومنین صدیقہ بنت الصدیق رضی اللہ عنہما نے انصار کی عورتوں کے اس خوبی پر تعریف کرتے ہوئے فرمایا:نِعْمَ النِّسَاءُ، نِسَاءُ الأَنْصَارِ، لَمْ يَكُنْ يَمْنَعُهُنَّ الْحَيَاءُ أَنْ يَتَفَقَّهْنَ فِي الدِّينِ "ترجمہ:انصار کی عورتیں بھی کیا عمدہ عورتیں تھیں۔ وہ دین کی بات پوچھنے میں شرم نہیں کرتی تھیں((شرم، گناہ اور معصیت میں ہے اور دین کی بات پوچھنا ثواب اور اجر ہے))(صحیح مسلم/750)
اسی طرح حصول علم میں چھوٹی بڑی عمر کو بہانہ نہیں بنانا چاھیئے،بعض لوگ پچاس،ساٹھ کی عمر کو پہنچ جاتے ہیں،اور انہیں اپنی جہالت اور علم سے محرومی کا احساس بھی ہوجاتا ہے لیکن صرف اس لئے علم حاصل نہیں کرتے کیونکہ ان کی عمر بہت بڑی ہوگئی ہے،اب کیسے علم سیکھیں،حالانکہ ان بوڑھوں کے پاس ضرورت کے ساتھ ساتھ وقت بھی ہوتا ہے،دیکھئےعمر کی قید کس نے لگائی ہے؟خود ہم نے اور ہمارے سماج نے،کیونکہ صحابہ کرام  بڑی عمر میں بھی علم حاصل کرتے تھے،امام بخاری نے اس کا ذکر اپنی صحیح میں نقل فرمایا ہے:وبعد أن تسوَّدوا،وقد تعلم أصحاب النبي صلى الله عليه وسلم في كبر سنِّهم.ترجمہ:اورسردار بنائے جانے کے بعد بھی علم حاصل کرو، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب رضی اللہ عنہم نے بڑھاپے میں بھی دین سیکھا۔(صحيح البخاري/كتاب العلم)
دینی علم سے عالم وطالب علم دونوں کو بے شمار خیر وبھلائی ملتی ہے،اللہ کسی کے ساتھ خیر کا ارادہ فرماتا ہے تو اسے دین کا علم وسمجھ عطا فرمادیتا ہے ارشاد باری تعالی ہے:يُؤْتِي الْحِكْمَةَ مَنْ يَشَاءُ وَمَنْ يُؤْتَ الْحِكْمَةَ فَقَدْ أُوتِيَ خَيْرًا كَثِيرًا وَمَا يَذَّكَّرُ إِلَّا أُولُو الْأَلْبَابِ.(سورة البقرة/269)
ترجمہ:وه جسے چاہے حکمت اور دانائی دیتا ہے اور جو شخص حکمت اور سمجھ دیا جائے وه بہت ساری بھلائی دیا گیا اور نصیحت صرف عقلمند ہی حاصل کرتے ہیں.اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:مَنْ يُرِدِ اللَّهُ بِهِ خَيْرًا يُفَقِّهْهُ فِي الدِّينِ.(صحيح البخاري/71)ترجمہ:جس شخص کے ساتھ اللہ تعالیٰ بھلائی کا ارادہ کرے اسے دین کی سمجھ عنایت فرما دیتا ہے.
دعا ہے اللہ ہم سب کو نفع بخش علم اور مقبول عمل کی نعمت عطا فرمائے آمین

Wednesday, 6 November 2019

فن مضمون نگاری:تعارف وتبصرہ

نام کتاب:فن مضمون نگاری 
مولف:مولانا آفتاب اظہر صدیقی 
صفحات:114
تعارف:عتیق الرحمن سلفی آئی آئی سی یادو نگر ساکی ناکہ ممبئى 
مضمون نگاری ایک عظیم فن ہے،قلمکار اپنی نگارشات کی وجہ سے صدیوں زندہ رہتا ہے،سینے کا علم آدمی اپنے ساتھ لے کر چلا جاتا ہے لیکن تحریریں اہل قلم کو ہمیشہ زندہ رکھتی ہیں،اسی لئے ہردور میں لکھنے کا اہتمام کیاجاتا رہا ہے،آج تو اس کی اہمیت وضرورت کئی گنا بڑھ گئی ہے،جدید وسائل نے لکھنا اور قارئین تک تحریر کا پہونچانا بے حد آسان کردیا ہے،میرے بھی دل میں مضمون نگاری سیکھنے کا شوق پیدا ہوا،تحریر کی عظمت اور افادیت کی وسعت نے مجبور کیا کہ مضمون نگاری کی جائے،لیکن کیسے؟تلاش کرتے کرتے یہ 114 صفحات کی کتاب پی ڈی ایف کی شکل میں مل گئی،بے حد آسان،دلچسپ کتاب ہے،اسے پاتے ہی میں پڑھ گیا ہوں،ایک مبتدی کیلئے وہ تمام رہنمائی اس کتاب میں موجود ہے جس کی ہمیں بنیادی طور پر ضرورت ہے،اور پھر بہترین اسلوب میں موجود ہے،فن مضمون نگاری پر ابھی تک ایسی مفید ومختصر کتاب مجھے نہیں ملی ہے،اگر آپ کو معلوم ہو تو خبر ضرور دیجئے گا،
میری دلی خواہش ہے کہ ہمارے وہ احباب جو مضمون نگاری سیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں،وہ اس کتاب کا ایک بار ضرور مطالعہ کریں،اور اپنے شوق کو مہمیز لگائیں،اور اپنی جماعت کے اہل قلم احباب سے بھی گذارش کرونگا کہ وہ نئے اہل قلم طلباء کیلئے اس طرح کی بھی کتابیں لکھیں تاکہ نئی نسل قلمکار بن کر قوم کی خدمت کرسکے،آج سماج کو بہترین مصنف ومولف کی ضرورت ہے لیکن افسوس محرومی ہی ملی، 
اللہ تعالی اس کتاب کے مولف،ناشر،معاونین کو جزائے خیر عطا فرمائے،اور کتاب کو صدقہ جاریہ بنائے آمین۔  یہ کتاب کا لنک ہے آپ یہاں سے یہ کتاب ڈاؤنلوڈ کر 
https://archive.org/details/FannEMazmoonNigari    سکتے ہیں،جزاکم اللہ خیرا  

انسانی زندگی پر اعمال صالحہ کے اثرات


قارئین کرام!اسلام خیر و بھلائی،تقوی وپرہیزگاری،خیر خواہی اور نفع رسانی کا دین ہے، دین اسلام اپنے ماننے والوں کو اعمال صالحہ کا حکم دیتا ہے،برے اور گندے کاموں سے منع کرتا ہے،اسلام مسلمانوں کو نیکی اور حسن اخلاق کی تلقین کرتا ہے، مختلف ذرائع اور اسلوب میں مسلمانوں کو سب کے ساتھ نیکی اور حسن  اخلاق کا حکم دیتا ہے،اچھی گفتگو،اچھےاعمال،حسن اخلاق،اچھا کردار،اچھی سوچ،اسلام کی بنیادی تعلیم ہے،بلکہ اعمال صالحہ کو ایمان کا حصہ بتاتا ہے،اپنے ماننے والوں کی کامیابی اور حصول جنت کیلئے اعمال صالحہ کو فرض قرار دیتا ہے، بلکہ انبیاء ورسل کو بھی اعمال صالحہ کا حکم دیا گیا ہے،انبیاء کرام کو عمل صالح کا حکم دینا اس کی اہمیت،عظمت اور ضرورت پر سب سے بڑی دلیل ہے،اور انہیں کے واسطے سے ہی تمام انسانوں کو بھی اس کی تلقین ہے اللہ کا ارشاد ہے: یاأَيُّهَا الرُّسُلُ كُلُوا مِنَ الطَّيِّبَاتِ وَاعْمَلُوا صَالِحًا إِنِّي بِمَا تَعْمَلُونَ عَلِيمٌ ﴾ [المؤمنون: 51].ترجمہ:اے پیغمبرو! حلال چیزیں کھاؤ اور نیک عمل کرو تم جو کچھ کر رہے ہو اس سے میں بخوبی واقف ہوں۔
اسلام کی تعلیم ہے کہ موت اور زندگی کا یہ سلسلہ اسی لئے قائم کیا گیا ہے تاکہ آزما کر دیکھا جائے کہ کس کے اعمال سب سے بہترین ہیں،ارشاد باری تعالی ہے:الَّذِي خَلَقَ الْمَوْتَ وَالْحَيَاةَ لِيَبْلُوَكُمْ أَيُّكُمْ أَحْسَنُ عَمَلًا وَهُوَ الْعَزِيزُ الْغَفُورُ(الملك:2)
ترجمہ:جس نے موت اور حیات کو اس لیے پیدا کیاکہ تمہیں آزمائے کہ تم میں سے اچھے کام کون کرتا ہے، اور وه غالب (اور) بخشنے واﻻ ہے.
قارئین کرام:اسلام میں اعمال صالحہ(اچھی بات،اچھا کام) کا مقام بہت اونچا اور بلند ہے اسی طرح اسے اثرات بھی بہت گہرے اور وسیع اور فوائد بھی ہمہ گیر ہیں،دنیا وآخرت کی کامیابی بغیر اعمال صالحہ کے ممکن ہی نہیں ہے ارشاد رب العالمین ہے:يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا ارْكَعُوا وَاسْجُدُوا وَاعْبُدُوا رَبَّكُمْ وَافْعَلُوا الْخَيْرَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ(22-الحج:77)ترجمہ:اے ایمان والو! رکوع سجده کرتے رہو اور اپنے پروردگار کی عبادت میں لگے رہو اور نیک کام کرتے رہو تاکہ تم کامیاب ہو جاؤ.
بلکہ اللہ نے قسم کھا کر کہا کہ اعمال صالحہ سے دوری،انسانیت کیلئے سراپا نقصان اور خسارہ ہے، اس ہمہ گیر نقصان سے محفوظ وہی لوگ ہیں جو اعمال صالحہ سے بھر پور زندگی گذارتے ہیں،اسی کی تلقین کرتے ہیں اور نیکی کی راہ میں ہر تکلیف کو برداشت کرتے ہیں لیکن نیکی سے اپنے آپ کو محروم نہیں کرتے ہیں۔ارشاد رب العالمین ہے:قرآن کریم کی سینکڑوں آیات میں "عمل صالح" کی بار بار تلقین کی گئی ہے،کیونکہ ایمان کا ثمرہ  نیک اعمال ہی ہیں،نیک اعمال سے خالی زندگی بے ایمانی اور گمراہی کی علامت ہے،اللہ تعالی نے جب جب اہل ایمان کا ذکر خیر اور تعریف فرمائی ہے،توبطور علامت ان کے اعمال صالحہ ہی ذکر فرمائے ہیں اور پھر جنت اور مغفرت کا وعدہ ربانی کا ذکر فرمایا ہے،بطور مثال قرآن کریم کی ایک آیت پیش خدمت ہیں،تاکہ آپ یہ یقین کرلیں کہ واقعی مومن کے مومن ہونے کی دلیل ان کے اعمال صالحہ ہی ہیں،اللہ کا فرمان ہیں:وَالْمُؤْمِنُونَ وَالْمُؤْمِنَاتُ بَعْضُهُمْ أَوْلِيَاءُ بَعْضٍ يَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَيَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ وَيُقِيمُونَ الصَّلَاةَ وَيُؤْتُونَ الزَّكَاةَ وَيُطِيعُونَ اللَّهَ وَرَسُولَهُ أُولَئِكَ سَيَرْحَمُهُمُ اللَّهُ إِنَّ اللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٌ(9-التوبة:71)
ترجمہ:مومن مرد وعورت آپس میں ایک دوسرے کے (مددگار ومعاون اور) دوست ہیں، وه بھلائیوں کا حکم دیتے ہیں اور برائیوں سے روکتے ہیں، نمازوں کو پابندی سے بجا ﻻتے ہیں زکوٰة ادا کرتے ہیں، اللہ کی اور اس کے رسول کی بات مانتے ہیں، یہی لوگ ہیں جن پر اللہ تعالیٰ بہت جلد رحم فرمائے گا بیشک اللہ غلبے واﻻ حکمت واﻻ ہے۔
ذرا غور فرمائیں!!!اللہ نے رحمت کے مستحق اہل ایمان کا ذکر فرمایا لیکن ان کے مومن ہونے کی علامت اور پہچان کیلئے  ان کے اوصاف کا ذکر فرمایا تاکہ مدعیان ایمان اس وعدے سے الگ ہوجائیں،ان کے چھ اوصاف اور خوبیاں بیان فرمائیں اور وضاحت فرمایا کہ مومن ایسے ہوتے ہیں،
1)آپس میں ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں
2)بھلائی کا حکم دیتے ہیں
3)برائی سے منع کرتے ہیں
4)نماز قائم کرتے ہیں
5)زکوة ادا کرتے ہیں
6)اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرتے ہیں
اس آیت کے پہلے مخاطب صحابہ کرام ہیں گویا ان کیلئے بھی اعمال صالحہ ایمان کی پہچان ہے،اور رضی اللہ عنہ کا خطاب عظیم اس لئے ملا کیونکہ وہ نیکیوں میں سبقت کرنے والے تھے،آخرت کو دنیا پر ترجیح دینے والے تھے،نیکیوں سے محبت کرتے تھے،فرائض وسنن اور نوافل کا پورا اہتمام کرتے تھے،اللہ کی رضا و خوشی اور نیکیاں پانے کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار رہتے تھے،جیسا کہ اللہ نے صحابہ کرام کے اعمال صالحہ اور اوصاف حمیدہ کا ذکر فرمایا اور مغفرت واجر عظیم کا وعدہ فرمایا ارشاد باری تعالی ہے: مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللَّهِ وَالَّذِينَ مَعَهُ أَشِدَّاءُ عَلَى الْكُفَّارِ رُحَمَاءُ بَيْنَهُمْ تَرَاهُمْ رُكَّعًا سُجَّدًا يَبْتَغُونَ فَضْلًا مِنَ اللَّهِ وَرِضْوَانًا سِيمَاهُمْ فِي وُجُوهِهِمْ مِنْ أَثَرِ السُّجُودِ ترجمہ:محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) اللہ کے رسول ہیں اور جو لوگ ان کے ساتھ کافروں پر سخت ہیں آپس میں رحمدل ہیں، تو انہیں دیکھے گا کہ رکوع اور سجدے کر رہے ہیں اللہ تعالیٰ کے فضل اور رضامندی کی جستجو میں ہیں،ان کا نشان ان کے چہروں پر سجدوں کے اﺛر سے ہے،
لیکن افسوس!!جہالت،دنیا پرستی،ہوس پرستی اور آخرت سے غفلت کی وجہ سے ہم اعمال صالحہ سے دور ہوگئے ہیں،ضرورت ہے کہ اعمال صالحہ کو اختیار کریں اور نیکیوں سے محبت کریں،اور نیکیوں سے بھر پور زندگی گذاریں۔اسی میں ہماری سلامتی اور نجات ہے،پاکیزہ زندگی اور حصول جنت کی راہ یہی ہے۔
عمل صالح کیا ہے:ہر وہ قول و عمل جو اللہ تعالی کو پسند ہے وہ عمل صالح ہے.لیکن اس کی قبولیت کیلئے تین شرائط کا پایا جانا ضروری ہے،
(1)ایمان (2)إخلاص،(3)اتباع رسول)
اللہ کا فرمان ہے:وَمَنْ أَرَادَ الْآخِرَةَ وَسَعَى لَهَا سَعْيَهَا وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَأُولَئِكَ كَانَ سَعْيُهُمْ مَشْكُورًا.
ترجمہ:اور جس کا اراده آخرت کا ہو اور جیسی کوشش اس کے لئے ہونی چاہیئے، وه کرتا بھی ہو اور وه باایمان بھی ہو، پس یہی لوگ ہیں جن کی کوشش کی اللہ کے ہاں پوری قدردانی کی جائے گی (17-الإسراء:19)
عمل صالح کی مختلف شکلیں اور قسمیں ہیں جو قرآن وسنت میں بالتفصیل بیان کی گئی ہیں، جیسے فرائض وواجبات،سنن ومستحبات وغیرہ اس لئے ہر مسلمان کو چاہیئے کہ وہ پہلے فرائض کو ادا کرے کیونکہ فرائض کی ادائیگی سے اللہ بہت زیادہ خوش ہوتا ہے اور اس کے بعد اپنی استطاعت کے مطابق سنن ومستحبات اور نوافل کا اہتمام کرے.وفقنا اللہ وایاکم لصالح الاعمال.
ہماری زندگی پر اعمال صالحہ کے اثرات وثمرات :
نیک اعمال سے ہماری زندگی پر بہت اچھے اور گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں،دنیاوآخرت میں سعادت و کامیابی ملتی ہے،نیک انسان کی زندگی کے ہر پہلو پر نیکی کےاثرات پہونچتے ہیں اور نیک انسان بے شمار فوائد حاصل کرتا ہے،ان میں سے دس بڑے اور اہم ثمرات آپ کی خدمت میں پیش کرتا ہوں.
(1) اللہ کی محبت حاصل ہوتی ہے:جو انسان نیکی کی راہ پر چلتا ہے،حقوق اللہ اور حقوق العباد ادا کرتا ہے،نیکی
 سے محبت کرتا ہے،صالح انسان بن کر زندگی گذارتا ہے،تو اللہ بھی ایسے صالح بندے سے محبت کرنے لگتے ہیں،نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالی نےفرمایا"مَنْ عَادَى لِي وَلِيًّا فَقَدْ آذَنْتُهُ بِالْحَرْبِ، وَمَا تَقَرَّبَ إِلَيَّ عَبْدِي بِشَيْءٍ أَحَبَّ إِلَيَّ مِمَّا افْتَرَضْتُ عَلَيْهِ، وَمَا يَزَالُ عَبْدِي يَتَقَرَّبُ إِلَيَّ بِالنَّوَافِلِ حَتَّى أُحِبَّهُ" ترجمہ:جس نے میرے کسی ولی سے دشمنی کی اسے میری طرف سے اعلان جنگ ہے اور میرا بندہ جن جن عبادتوں سے میرا قرب حاصل کرتا ہے اور کوئی عبادت مجھ کو اس سے زیادہ پسند نہیں ہے جو میں نے اس پر فرض کی ہے (یعنی فرائض مجھ کو بہت پسند ہیں جیسے نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ) اور میرا بندہ فرض ادا کرنے کے بعد نفل عبادتیں کر کے مجھ سے اتنا نزدیک ہو جاتا ہے کہ میں اس سے محبت کرنے لگ جاتا ہوں۔ ( صحيح البخاري/ 6502)
(2)فرشتوں اور نیک لوگوں کے دلوں میں محبت اور قبولیت ڈال دی جاتی ہے: یہ اللہ کا وعدہ ہے ارشاد باری تعالی ہے "إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ سَيَجْعَلُ لَهُمُ الرَّحْمَنُ وُدًّا (96)
ترجمہ:بے شک وہ لوگ جو ایمان لائے اور انھوں نے نیک عمل کیے عنقریب ان کے لیے رحمان عظیم محبت پیدا کر دے گا۔ اس محبت کی وضاحت کیلئے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حدیث پاک ملاحظہ فرمائیں"إِذَا أَحَبَّ اللَّهُ الْعَبْدَ نَادَى جِبْرِيلَ إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ فُلَانًا فَأَحْبِبْهُ فَيُحِبُّهُ جِبْرِيلُ، فَيُنَادِي جِبْرِيلُ فِي أَهْلِ السَّمَاءِ إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ فُلَانًا فَأَحِبُّوهُ فَيُحِبُّهُ أَهْلُ السَّمَاءِ، ثُمَّ يُوضَعُ لَهُ الْقَبُولُ فِي الْأَرْضِ".
ترجمہ: جب اللہ تعالیٰ کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو جبرائیل علیہ السلام سے فرماتا ہے کہ اللہ تعالیٰ فلاں شخص سے محبت کرتا ہے۔ تم بھی اس سے محبت رکھو، چنانچہ جبرائیل علیہ السلام بھی اس سے محبت رکھنے لگتے ہیں۔ پھر جبرائیل علیہ السلام تمام اہل آسمان کو پکار دیتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ فلاں شخص سے محبت رکھتا ہے۔ اس لیے تم سب لوگ اس سے محبت رکھو، چنانچہ تمام آسمان والے اس سے محبت رکھنے لگتے ہیں۔ اس کے بعد روئے زمین والے بھی اس کو مقبول سمجھتے ہیں.(صحيح البخاري ،3209)
(3)دنیا وآخرت کی سعادت اور پاکیزہ زندگی ،پرسکون لائف ایمان وعمل صالح سے ہی ملتی ہے: ارشاد باری تعالی ہے:مَنْ عَمِلَ صَالِحًا مِّن ذَكَرٍ أَوْ أُنثَىٰ وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَلَنُحْيِيَنَّهُ حَيَاةً طَيِّبَةً ۖ وَلَنَجْزِيَنَّهُمْ أَجْرَهُم بِأَحْسَنِ مَا كَانُوا يَعْمَلُون.
َترجمہ:جو بھی نیک عمل کرے، مرد ہو یا عورت اور وہ مومن ہو تو یقینا ہم اسے ضرور زندگی بخشیں گے، پاکیزہ زندگی اور یقینا ہم انھیں ان کا اجر ضرور بدلے میں دیں گے، ان بہترین اعمال کے مطابق جو وہ کیا کرتے تھے۔ ( سورت النحل97)
علامہ ابن کثیر فرماتے ہیں کہ "پاکیزہ زندگی" ہر قسم کے آرام اور راحت کو شامل ہے.
(4)موت کے وقت فرشتے جنت میں داخلے اور رنج و غم سے نجات کی بشارت سناتے ہیں: ارشاد باری تعالی ہے:إِنَّ الَّذِينَ قَالُوا رَبُّنَا اللَّهُ ثُمَّ اسْتَقَامُوا تَتَنَزَّلُ عَلَيْهِمُ الْمَلَائِكَةُ أَلَّا تَخَافُوا وَلَا تَحْزَنُوا وَأَبْشِرُوا بِالْجَنَّةِ الَّتِي كُنتُمْ تُوعَدُونَ  نَحْنُ أَوْلِيَاؤُكُمْ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَفِي الْآخِرَةِ ۖ وَلَكُمْ فِيهَا مَا تَشْتَهِي أَنفُسُكُمْ وَلَكُمْ فِيهَا مَا تَدَّعُونَ نُزُلًا مِّنْ غَفُورٍ رَّحِيمٍ.(سورة فصلت 30، 31)
ترجمہ: بے شک وہ لوگ جنھوں نے کہا ہمارا رب اللہ ہے، پھر خوب قائم رہے، ان پر فرشتے اترتے ہیں کہ نہ ڈرو اور نہ غم کرو اور اس جنت کے ساتھ خوش ہو جائو جس کاتم وعدہ دیے جاتے تھے۔ ہم تمھارے دوست ہیں دنیا کی زندگی میں اور آخرت میں بھی اور تمھارے لیے اس میں وہ کچھ ہے جو تمھارے دل چاہیں گے اور تمھارے لیے اس میں وہ کچھ ہے جو تم مانگو گے۔ یہ بے حد بخشنے والے، نہایت مہربان کی طرف سے مہمانی ہے۔
(5)قبر کے عذاب سے نجات ملتی ہے:نیک انسان کو قبر میں آرام وسکون ملتا ہے،گھبراہٹ اور ڈر وخوف سے حفاظت کیجاتی ہے،اور تنہائی ومصیبت سے محفوظ رہتا ہے،اور یہ بہت بڑا انعام ہے جو صرف عمل صالح کی وجہ سے ایک نیک انسان کو ملتا ہے، پیارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا"إِنَّ الْمَيِّتَ يَصِيرُ إِلَى الْقَبْرِ , فَيُجْلَسُ الرَّجُلُ الصَّالِحُ فِي قَبْرِهِ غَيْرَ فَزِعٍ , وَلَا مَشْعُوفٍ" ترجمہ:
مرنے والا قبر میں جاتا ہے، نیک آدمی تو اپنی قبر میں بیٹھ جاتا ہے، نہ کوئی خوف ہوتا ہے نہ دل پریشان ہوتا ہے.(ابن ماجه 4268)
(6)مال اور اہل وعیال کی حفاظت ہوتی ہے:موسی اور خضر علیہما السلام ایک بستی سے گذر رہے تھے،انہیں ایک دیوار گرتی ہوئی محسوس ہوئی تو خضر علیہ السلام نے فورا سیدھی کردی اور  بعد میں موسی علیہ السلام کو مخاطب کرکے فرمایا،آیت کریمہ یوں ہے" وَأَمَّا الْجِدَارُ فَكَانَ لِغُلَامَيْنِ يَتِيمَيْنِ فِي الْمَدِينَةِ وَكَانَ تَحْتَهُ كَنْزٌ لَهُمَا وَكَانَ أَبُوهُمَا صَالِحًا فَأَرَادَ رَبُّكَ أَنْ يَبْلُغَا أَشُدَّهُمَا وَيَسْتَخْرِجَا كَنْزَهُمَا رَحْمَةً مِنْ رَبِّكَ۔(سورہ کہف/82)
ترجمہ:اور رہ گئی دیوار تو وہ شہر میں دو یتیم لڑکوں کی تھی اور اس کے نیچے ان دونوں کے لیے ایک خزانہ تھا اور ان کا باپ نیک تھا تو تیرے رب نے چاہا کہ وہ دونوں اپنی جوانی کو پہنچ جائیں اور اپنا خزانہ نکال لیں، تیرے رب کی طرف سے رحمت کے لیے۔
"وَكَانَ أَبُوهُمَا صَالِحًا"ترجمہ: "اور ان کا باپ نیک تھا"اس آیت کی تفسیر میں عبد اللہ عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ ان کی حفاظت ان کے باپ کی نیکی کی وجہ سے کی گئی،اور ان بچوں کی نیکی کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا.معلوم ہوا کہ نیک انسان کے مال واولاد کی حفاظت اس کی وفات کے بعد بھی کیجاتی ہے۔
(7)مصائب ومشکلات سے نجات ملتی ہے:رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بنی اسرائیل کے تین لوگوں کا واقعہ بیان فرمایا ہے کہ تین لوگ ایک غار میں پھنس گئے،موت کے بالکل قریب پہنچ کر یہ لوگ بچ گئے کیونکہ ہر ایک نے اپنے اپنے اعمال صالحہ کے ذریعہ اللہ سے دعا مانگی تو اللہ نے ان کو ان کی نیکی کی وجہ سے نجات عطا فرمائی اور غار سے نکلنے کا راستہ بنادیا(صحيح البخاري،2272)
اسی طرح حضرت یونس علیہ السلام کو جب مچھلی نے نگل لیا اور آپ تین تاریکیوں میں گھر گئے تو دعا فرمانے لگے "لَّا إِلَٰهَ إِلَّا أَنتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنتُ مِنَ الظَّالِمِينَ(سورة الأنبياء 87)ترجمہ:تیرے سوا کوئی معبود نہیں تو پاک ہے، بیشک میں ﻇالموں میں ہو گیا. اللہ نے آپ نجات دی،نبوت رسالت سے سرفراز فرمایا، کیونکہ آپ صالح انسان تھے،اللہ کا ارشاد ہے"فَلَوْلَا أَنَّهُ كَانَ مِنَ الْمُسَبِّحِينَ، لَلَبِثَ فِي بَطْنِهِ إِلَى يَوْمِ يُبْعَثُون
ترجمہ: پھر اگر یہ بات نہ ہوتی کہ وہ تسبیح کرنے والوں میں سے تھا، تو یقینا اس کے پیٹ میں اس دن تک رہتا جس میں لوگ اٹھائے جائیں گے۔ (سورة الصافات 143،144]
پیارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی جملہ تکالیف کو دور کرنے کا علاج ربانی تسبیح،تحمید،تہلیل،صلاة اور اللہ کی عبادت کو تجویز فرمایا گیا اللہ تعالی کا ارشاد ہے: وَلَقَدْ نَعْلَمُ أَنَّكَ يَضِيقُ صَدْرُكَ بِمَا يَقُولُونَ، فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ وَكُنْ مِنَ السَّاجِدِينَ،وَاعْبُدْ رَبَّكَ حَتَّى يَأْتِيَكَ الْيَقِينُ[97،98،99سورہ الحجر)
ترجمہ: ہمیں خوب علم ہے کہ ان کی باتوں سے آپ کا دل تنگ ہوتا ہے ،آپ اپنے پروردگار کی تسبیح اور حمد بیان کرتے رہیں اور سجده کرنے والوں میں شامل ہو جائیں،اور اپنے رب کی عبادت کرتے رہیں یہاں تک کہ آپ کو موت آجائے۔
(8) اللہ صالح انسان کے معاملات اور حالات کو بہترین بنادیتا ہے:فرمان الہی ہے"وَالَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَآمَنُوا بِمَا نُزِّلَ عَلَى مُحَمَّدٍ وَهُوَ الْحَقُّ مِنْ رَبِّهِمْ كَفَّرَ عَنْهُمْ سَيِّئَاتِهِمْ وَأَصْلَحَ بَالَهُمْ (سورہ محمد،چچچچ232)
ترجمہ:اور جو لوگ ایمان ﻻئے اور اچھے کام کیے اور اس پر بھی ایمان ﻻئے جو محمد ﴿صلی اللہ علیہ وسلم﴾ پر اتاری گئی ہے اور دراصل ان کے رب کی طرف سے سچا (دین) بھی وہی ہے، اللہ نے ان کے گناه دور کر دیئے اور ان کے حال کی اصلاح کردی۔
(9)نیک اعمال کی وجہ سے اللہ تعالی  بندے کو صالحین کے مبارک گروہ  میں شامل کر لیتا ہے:صالحین بندوں میں شمولیت بہت بڑا اعزاز ہے،حضرت ابراہیم،یوسف،سلیمان علیہم السلام نے اس شمولیت کیلئے خصوصی دعائیں فرمائی ہیں،نیک عمل کے خوگر کو یہ اعزاز عطا کردیا جاتا ہےاور وہ اللہ کا خاص اور مقرب بندہ بن جاتا ہے،ارشاد باری تعالی ہے" وَالَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَنُدْخِلَنَّهُمْ فِي الصَّالِحِينَ[سورة العنكبوت 9)
ترجمہ:اور جن لوگوں نے ایمان قبول کیا اور نیک کام کیے انہیں میں اپنے نیک بندوں میں شمار کر لوں گا.
(10)ہر مسلمان کی طرف سے سلامتی کی دعا ملتی ہے:جب ایک نمازی تشہد میں کہتا ہے:  السَّلَامُ عَلَيْنَا وَعَلَى عِبَادِ اللَّهِ الصَّالِحِينَ ترجمہ:ہم پر سلام اور اللہ کے تمام صالح بندوں پر سلام.
تو اس کی دعا آسمان وزمین میں موجود اللہ کے ہرصالح بندے کو پہنچ جاتی ہے   (صحيح بخاری/6230)          .
سبحان اللہ!!! کتنا بڑا اعزاز ہے کہ صالح انسان کیلئے تمام مسلمانوں کو اپنی نماز میں سلامتی کی دعاء کی تلقین کی گئی ہے،بہت سارے لوگ دوسروں سے بکثرت یہ کہتے رہتے ہیں کہ "دعاء میں یاد رکھنا"انہیں چاھیئے کہ وہ اپنی زندگی کو صالح بنائیں،دعائیں خود ان تک پہونچ جائیں گی،
خاتمہ:اسلام نیکی کا دوسرا نام ہے،نیکی مسلمان کی پہچان ہے،نیکی کی راہ جنت کی راہ ہے،نیکی سے دل کو سکون ملتا ہے،نیکی کی توفیق اللہ کی نعمت ہے،اعمال صالحہ اسلام کا سب سے بڑا پیغام ہے،آج اس کی عظمت واہمیت کو سمجھنا، اس پر عمل کرنا،اس کی دعوت دینا،ہم سب کی ضرورت ہے،دنیا میں باعزت زندگی کیلئے بھی اور آخرت میں کامیابی اور دخول جنت کیلئے بھی۔اللہ ہم سب کو نیکی و بھلائی کی زندگی گذارنے کی توفیق بخشے،فرائض وواجبات ادا کرنے والا اور سنن ومستحبات اور نوافل کا اہتمام کرنے والا بنائے،اور ہمیں اعمال صالحہ سے محبت کرنے والا اورسدا  نیکی کی راہ پر چلنے والا بنائے اور ہمیں اپنے فضل و کرم سے اپنے صالحین بندوں میں شامل فرمائے آمین۔
الحمد للہ الذی بنعمته تتم الصالحات