Friday, 8 November 2019

تفسیر سورہ ق: تعارف وتبصرہ


نام کتاب:تفسیر سورہ ق
مصنف:شیخ ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ 
صفحات:202 
تبصرہ نگار:عتیق الرحمن عبید الرحمن سلفی آئی آئی سی یادو نگر ساکی ناکہ ممبئى 
---------------------------------
محترم قارئین:قرآن مجید سر چشمہ ہدایت ہے،اسرار ورموز اور وضاحت وبیان کا خزانہ بے مثال ہے،اس کتاب کی تشریح وتوضیح رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذمہ داری تھی،آپ نے جس طرح صحابہ کرام کو قرآن کی تعلیم دی،اسی طرح آپ نے صحابہ کو تفسیر بھی سکھائی،تاکہ وہ اس کتاب کی تعلیمات پر عمل کرسکیں،خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ ہی میں عبد اللہ بن مسعود،زید بن ثابت،ابی بن کعب رضی اللہ عنہم  جسے صحابہ قرآن کریم کے علوم میں مہارت حاصل کرچکے تھے،اسی وقت سے قرآن کی تفسیر کا مبارک سلسلہ شروع ہوا،اور علماء کرام کی خصوصی توجہ سے اس فن پر بے شمار کتابیں لکھی گئیں،جن سے امت میں علم کی روشنی پھیلی،قرآن سے رابطہ مضبوط ہوا،یہ تفسیری کام اردو میں بھی ہوا،جس کا آغاز خانوادہ ولی اللہ سے شروع ہوا، یہ سنہری سلسلہ تا ہنوز جاری ہے،زیر تبصرہ کتاب پاکستان کے ایک مشہور اہل حدیث عالم،کتاب وسنت کے ماہر،درجنوں کتابوں کے مصنف،بالغ نظر اہل قلم،دفاع کتاب وسنت و صحابہ میں نشیط،فضیلة الشیخ ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ وتولاہ کی تالیف لطیف ہے،آپ نے اس سورہ کی عظمت،اہمیت،مشمولات کی جامعیت اور   رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اس سورت کے اہتمام کی وجہ سے آپ نے اس سورہ کی تصنیف و تالیف وتفسیر فرمائی ہے،اور اہل علم کو دعوت دی ہے کہ سورہ ق کو اپنے خطابات ودروس کا موضوع بنائیں،
یہ سورہ مبارکہ جمعہ،عیدین،نماز فجر وغیرہ میں پڑھا کرتے تھے،
صرف 45 آیات ہیں لیکن جامعیت کا یہ عالم ہے کہ بڑے بڑے مضامین کو اپنے اندر خوبصورتی سے سموئے ہوئے ہے،
پہلے قرآن کی قسم کھا کر اس کی حقانیت اور رسالت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت کو ثابت کیا ہے،
بعدہ قیامت کے وقوع پر اپنی ربوبیت اور کائنات میں بکھرے دلائل سے ثابت کیا ہے، گذشتہ قوموں کی تباہی وبربادی کا ذکر کرکے قرآن پر ایمان کی دعوت دی ہے، اپنے علم وقدرت اور انسان کی کمزوری کو بیان کیا ہے،موت کا منظر،میدان محشر میں حاضری،جہنم رسید ہونے والے کفار کے برے اعمال وکردار،جہنم اور جنت کا بلیغ تذکرہ،اہل جنت کیلئے بشارات اور ان کے دخول جنت کے اسباب اور صفات،دائمی جنت کا وعدہ،قرآن سے استفادہ کا طریقہ،کائنات کی تخلیق،تسبیح  وتحمید کا حکم،قیامت کے دن مجرمین کی حاضری، میدان محشر اور اس سے قبل کے مناظر،اور پھر آخر میں آپ کو اپنے مشن دعوت و ابلاغ کا حکم اور قرآن کے پیغام سے اصلاح کرنے والوں کا ذکر اور آپ کو تسلی وغیرہ 
ابن القیم الجوزیہ رحمہ اللہ نے اپنی الفوائد میں اس سورہ کا بڑا ہی جامع تعارف پیش کیا ہے اور مختصر اور جامع تفسیر بھی فرمائی ہے،وہ اگر آپ پڑھ لیں تو آپ کو اس سورہ سے بے حد محبت ہوجائیگی۔
یہ وہ مضامین ہیں جو اس سورہ میں موجود ہیں اور ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ وتولاہ کی یہ تالیف بہت ہی عمدہ ہے،میں نے پڑھا اور پوری طرح ڈوب کر پڑھا،آپ بھی پڑھیں،بے حد دلنشین  اور مفیدکتاب ہے
اللہ ہم سب کو قرآن کی تلاوت کرنے،اور اس کے معانی اور تفاسیر پڑھنے اور عمل کی توفیق  بخشے۔آمین 
کتاب کی لنک پیش خدمت ہے آپ یہاں سے ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں جزاکم اللہ احسن الجزاء آمین 
 https://archive.org/details/TafseerSorahKaaf

  

No comments:

Post a Comment