Friday, 8 November 2019

دعوت حق کے تقاضے:تعارف وتبصرہ

نام کتاب :دعوت حق کے تقاضے
  مولف:فضیلةالشیخ عبد العزیز بن احمد المسعود حفظہ اللہ 
مترجم:فضیلةالشیخ محمد یونس بٹ حفظہ اللہ 
تبصرہ نگار:عتیق الرحمن عبید الرحمن سلفی آئی آئی سی ممبئی 
قارئین کرام: دعوت الی اللہ بڑا ہی عظیم اور بابرکت کام ہے،انبیاء کرام کی زندگی کا مطلوب ومقصود یہی دعوت الی اللہ ہی رہا ہے اب جب کہ نبوت ورسالت کا  مبارک سلسلہ بند کردیا گیا ہے،اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو خاتم الانبیاء قرار دیا جاچکا ہے تو اب اس دعوت کی ذمہ داری علماء کرام کے کاندھوں پر ڈال دی گئی ہے اور قیامت تک دعوت و تبلیغ کا مقدس فریضہ آپ کے ذی علم امتی انجام دیتے رہیں گے۔ دعوت و تبلیغ کی اہمیت وضرورت کے پیش نظر ہی علماء کرام نے اس موضوع پر خصوصی توجہ فرمائی ہے اور بے شمار کتابیں لکھی ہیں ، امت کا شرف اور وقار اللہ نے اسی فریضہ کی ادائیگی کے ساتھ مربوط کردیا ہے۔
 چند دنوں کیلئے اسلامک انفارمیشن سینٹر اندھیری ممبئی آنے کا اتفاق ہوا، یہاں بڑی بہترین لائبریری ہے،کتابوں کا ذخیرہ دیکھ کر طبیعت خوش ہوگئی، کتابوں سے محبت اللہ کی ایک نعمت ہے،کتابوں کی زیارت کرتے ہوئے مذکورہ کتاب پر نگاہ پڑی،فورا نکال لیا اور فہرست پر نظر ڈالتے ہی فیصلہ کرلیا کہ آج اسی کا مطالعہ کرنا ہے، 180 صفحات پر مشتمل یہ کتاب دو دنوں میں مکمل پڑھ گیا، بڑی دلچسپ اور داعی کے صفات کو بڑے انوکھے انداز میں پیش کرتی ہوئی یہ کتاب دل کو بھا گئی سوچا دوبارہ پڑھو لیکن قلت وقت اور مصروفیات  نے اجازت نہ دی، 
کتاب دارالسلام ریاض سے طبع ہوئی ہے اس لئے طباعت کا معیار بہت اعلی اور عالمی ہے.
مولف نے کتاب کا مختصر مقدمہ لکھا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ جو دعوت الی اللہ اور امر بالمعروف والنہی عن المنکر میدان سے جڑے ہوئے ہیں وہ یہ کتاب ضرور پڑھیں،
صاحب کتاب نے اس کتاب کو آٹھ ابواب پر تقسیم کیا ہے 
پہلا باب اخلاص پر مبنی ہے کیونکہ ہماری تمام عبادات،افعال واقوال کی جان اخلاص ہی ہے،قبولیت عمل کا دارو مدار اخلاص ہی ہے ،مولف نے قرآن وسنت اور اقوال سلف کی روشنی میں اخلاص کی عظمت،اہمیت،ضرورت کو ثابت کیا ہے اور اسے داعی کا بنیادی وصف قرار دیا ہے، سوائے رضاء الہی کے اور کوئی طلب نہیں ہونی چاہیے نہ شہرت، نہ مدح ستائش،نہ دنیاوی جاہ ومنصب، نہ مال ومنال۔
دوسرا باب اصلاح نفس پر مشتمل ہے، علوم دینی کا پہلا مقصد ہی اپنی اصلاح ہے اور جو اپنی اصلاح کے بجائے صرف دوسروں کی اصلاے کرتا رہے ایسا انسان احمق ہے، اسی لئے مولف نے داری کے اصلاح نفس کیلئے چند اعمال کی طرف رہنمائی فرمائی ہے اور قرآن وسنت کی روشنی میں سمجھایا ہے،
پہلی چیز: نفل نمازوں کا اہتمام کرنا،مثلا سنن رواتب، اشراق وغیرہ کا،اس سے داعی کو قوت اور تاثیر ملتی ہے،
دوسری چیز:قیام اللیل اور تہجد کا اہتمام کرنا ،دعوت کی قبولیت اور تقویت کیلئے تہجد کی نماز نہایت اثر انگیز چیز ہے، رات میں اٹھنا،تلاوت قرآن،رب کی قربت،دعاء یہ سب رفعت کے قوی اسباب ہیں،
تیسری چیز:روزے اور صدقات،یہ دونوں عبادتیں انسان کو صبر اور حوصلہ بخشتی ہیں،اور مدعو کے دل کو نرم کرتی ہیں،قبولیت کے امکان میں اضافہ کرتی ہیں ،
چوتھی چیز:تلاوت قرآن مجید کا اہتمام،قرآن کریم سے مضبوط تعلق کامیابی ضمانت ہے،یہی تو سر چشمہ ہدایت ہے،
مولف نے ان باتوں کو زاد راہ اور داعی کا مضبوط ہتھیار قرار دیا ہے،تکالیف کو برداشت کرنے میں معاون قرار دیا ہے ۔
تیسرا باب: علم وتقوی کے بیان پر مشتمل ہے،آپ نے علم اور علماء اور داعی کیلئے علم کی ضرورت اور عظمت پر دلائل پیش کئے ہیں، کیونکہ ایک داعی بغیر علم کے دعوت ہی نہیں دے سکتا ہے کیونکہ بغیر علم کے دعوت گمراہی ہے،اور عالم بصیرت کے ساتھ دعوت پیش کرتا ہے،اسی لئے اللہ نے قول و عمل کی درستگی کیلئے علم کو شرط قرار دیا ہے،بڑی تفصیل سے آپ نے اس پر گفتگو کی ہے اس کے بعد تقوی پر روشنی ڈالی ہے کیونکہ داعی کا گناہ سے بچنا اس دعوتی اور دینی ضرورت ہے،اگر وہ خود ہی گناہوں کا ارتکاب کریگا تو اس کی دعوت بے اثر ہوجائیگی اور اس کا وقار مجروح ہوجائیگا 
چوتھا باب: نرمی،بردباری،درگذر  یہ اوصاف داعی کو لوگوں کی نگاہ میں محبوب بنادیں گے،
تمام انبیاء نے نرمی اور شفقت ہی کے ساتھ دعوت پیش کی ہے،آپ نے نرمی،بردباری اور معاف کرنے، درگذر کرنے کی فضیلت اور اہمیت وتاثیر کو قرآن وسنت اور سیرت رسول اور سیرت انبیاء روشنی میں اجاگر کیا ہے،اس موضوع کو آپ نے 32 صفحات دئے کیونکہ مولف نے موجودہ دور کے دعاة کو بہت قریب سے دیکھا ہے اور ان کی سختی،بدزبانی اور قساوت قلبی کو محسوس کیا ہے،ہمیں اپنے اخالق میں نرمی اور معافی اپنانے اور درگزر کرنے عادت اپنانے کی ضرورت ہے 
پانچواں باب کے نام ہے :طبیعت میں اعتدال 
جلد بازی بری عادت ہے،سنجیدگی،وقار،ٹھہراؤ، جیسے اوصاف سے داعی کو متصف ہونا چاھیئے ۔جوش میں ہوش کھو دینا یہ عیب ہے داعی الی اللہ ایسا نہیں ہوتا ہے۔
چھٹا باب:صبر کا ہے،صبر ایک ایسی خوبی ہے جو تمام انبیاء نے اختیار فرمائی ہے،دنیا وآخرت میں کامیابی کیلئے صبر بے حد ضروری ہے،رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ نے صبر کا حکم دیا اور صبر کرنے والوں کو اپنی معیت نصرت اور جنت کی بشارت دی ہے، مولف نے 35 صفحات پر صبر کی تعریف سے لیکر اس کے اجر وثواب کو بیان فرمایا ہے،واقعی بےصبرا انسان  کبھی بھی بہترین داعی نہیں ہوسکتا ہے،
ساتواں بات:حسن اخلاق اور غصے سے دوری 
بد اخلاقی نفرت کا سبب ہے اور غصہ انسان کے خبطی بنادیتا ہے،بصیرت سے محروم کردیتا ہے، اسی لئے داعی الی اللہ کو حسن اخلاق کا پیکر ہونا چاھیئے اور تحمل مزاج ہونا چاھیئے،قربت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا شرف حسن اخلاق سے ملتا ہے اور غصہ کو پی جانے والے،معاف کردینے والے جنتی ہوتے ہیں،یہ باب بھی بہت ہی خوبصورت ہے، دلائل کتاب وسنت سے مزین خوبصورت  گلدستہ،
 آپ نے غصہ کا علاج بھی بڑی تفصیل سے پیش کیا ہے،  اور آٹھ علاج کو دلائل کے ساتھ بیان کیا ہے،
آخری باب:میں عیب بینی کے بجائے عیب پوشی کی تعلیم دی ہے 
کتاب مطالعہ کے لائق ہے،اور میں ان دوستوں کو ترغیب دونگا یہ کتاب محبت کے ساتھ عمل کے جذبہ سے پڑھیں،اللہ ہم سب کو دین کا سچا داعی بنائے اور اوصاف دعاةسے متصف فرمائے 
اللهم آت نفسي تقواها وزكها انت من زكاها انت وليها ومولاها 
✍عتيق الرحمن عبيد الرحمن سلفي  
(داعی اسلامک انفارمیشن سینٹر ممبئى)

No comments:

Post a Comment